انتھروپک کے اے آئی ماڈل Claude میں ایک نیا فیچر شامل کیا گیا ہے جس کے ذریعے صارفین اب چیٹ کے اندر ہی interactive charts بنا سکتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ کسی بھی موضوع پر ڈیٹا کو صرف تحریری جواب کی بجائے ایک انٹرایکٹو گراف یا ویژول چارٹ کی شکل میں بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کا طریقہ کافی سادہ ہے۔ صارف کو صرف اپنی پرامپٹ کا آغاز اس جملے سے کرنا ہوتا ہے: “Create an interactive chart about …” اور Claude فوراً متعلقہ موضوع پر ایک انٹرایکٹو چارٹ تیار کر دیتا ہے جس میں صارف مختلف پیرامیٹرز کو دیکھ اور سمجھ سکتا ہے۔
مثال کے طور پر اگر کوئی سرمایہ کاری کے بارے میں جاننا چاہے تو وہ یہ پوچھ سکتا ہے کہ S&P 500 میں کتنی سرمایہ کاری سے ہر ماہ 50 ہزار ڈالر آمدنی حاصل کی جا سکتی ہے۔ Claude اس سوال کو ایک انٹرایکٹو چارٹ میں تبدیل کر دیتا ہے جس میں افراطِ زر، مارکیٹ کی کارکردگی اور مختلف معاشی منظرنامے شامل کیے جا سکتے ہیں۔
اسی طرح یہ فیچر پیچیدہ موضوعات کو سمجھنے میں بھی مدد دیتا ہے۔ مثال کے طور پر اے آئی کی ایکسپونینشل گروتھ، گیم تھیوری یا شطرنج کی بنیادی حکمت عملی جیسے موضوعات کو ایک ایسے چارٹ میں پیش کیا جا سکتا ہے جس کے ذریعے صارف مرحلہ وار معلومات دریافت کر سکتا ہے۔
اس فیچر کی ایک اور دلچسپ خصوصیت یہ ہے کہ بنائے گئے چارٹس کو آسانی سے دوسروں کے ساتھ شیئر بھی کیا جا سکتا ہے۔ صارف Claude کے “Share” بٹن کے ذریعے لنک بنا کر اپنی ٹیم کے ساتھ شیئر کر سکتا ہے یا پھر Claude سے کہہ سکتا ہے کہ وہ اسی چارٹ کو ایک مکمل ویب پیج کے کوڈ کی شکل میں تیار کر دے جسے ڈاؤن لوڈ کر کے کہیں بھی ہوسٹ کیا جا سکتا ہے۔
یہ اپڈیٹ اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ اے آئی چیٹ بوٹس تیزی سے صرف سوال جواب کے ٹول نہیں رہ رہے بلکہ ڈیٹا ویژولائزیشن اور تجزیاتی ٹولز میں بھی تبدیل ہو رہے ہیں۔ اگر یہی رفتار جاری رہی تو مستقبل میں ایسے کئی تعلیمی اور تجزیاتی پلیٹ فارمز کو سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یہ تحریر اے آئی کی دنیا کے فیس بک پیج پر پوسٹ کی گئی ہے