آج کےسوشل میڈیائی دور میں ویڈیوز کی اہمیت بے تحاشا بڑھ چکی ہے۔ تاہم طویل اور تفصیلی ویڈیوز اب مخصوص پلیٹ فارمز تک محدود ہوتی جا رہی ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر مختصر، دلچسپ اور فوری توجہ حاصل کرنے والی ویڈیوز کا رجحان عروج پر ہے۔ اسی وجہ سے تخلیق کار، مارکیٹرز اور مختلف برانڈز ایسے ٹولز کی تلاش میں ہیں جو لمبی ویڈیوز کو مؤثر اور تیز انداز میں مختصر کلپس میں تبدیل کر سکیں۔ اس میدان میں مصنوعی ذہانت نے ایسے انقلابی ٹولز متعارف کروائے ہیں جن سے ویڈیو شارٹننگ اور ایڈیٹنگ نہ صرف آسان بلکہ پہلے سے کہیں زیادہ تیز ہو گئی ہے۔
ویڈیو شارٹننگ کے میدان میں “KLAP” بہت تیزی سے مقبول ہوا ہے۔ یہ جدید ٹول لمبی ویڈیوز میں سے اہم اور دلکش حصوں کو خودکار طور پر پہچان کر مختصر اور متاثر کن کلپس تیار کرتا ہے۔ اس کی مدد سے یوٹیوب ویڈیوز، پوڈکاسٹس، انٹرویوز یا لیکچرز کو چند سیکنڈز یا منٹوں کی دلچسپ ویڈیوز میں تبدیل کرنا نہایت آسان ہے۔ “KLAP” میں آٹومیٹک ایڈیٹنگ، سب ٹائٹلنگ اور اسمارٹ فارمیٹنگ جیسی خصوصیات بھی شامل ہیں جو تخلیق کاروں کا نہ صرف وقت بچاتی ہیں بلکہ ویڈیو کے معیار کو بھی بہتر بناتی ہیں۔
اگرچہ “KLAP” ایک زبردست ٹول ہے لیکن کافی مہنگا ہے۔ تاہم مارکیٹ میں اس کے کئی مفت(محدود) یا کم قیمت متبادل بھی موجود ہیں۔ مثال کے طور پر، “Opus Clip” لمبی ویڈیوز میں سے وائرل کلپس نکالنے میں ماہر ہے۔ “Vidyo.ai” ایک اور بہترین آپشن ہے جو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے فارمیٹس کے مطابق کلپس فوری تیار کرتا ہے۔ “CapCut” مکمل طور پر مفت (محدود)اور زبردست ویڈیو ایڈیٹنگ ایپلیکیشن ہے جس میں آٹومیٹک ٹیکسٹ ایڈنگ، اسمارٹ کٹس اور منفرد فلٹرز جیسی خصوصیات دستیاب ہیں۔ دوسری جانب “Descript” پروفیشنل تخلیق کاروں کے لیے نہایت مفید ٹول ہے جس میں آڈیو اور ویڈیو ایڈیٹنگ کے ساتھ “AI Clips” کی سہولت بھی موجود ہے۔
مفت ویڈیو ایڈیٹنگ ٹولز میں “CapCut” کے ساتھ ساتھ “DaVinci Resolve” کا ذکر بھی ضروری ہے۔ “دا ونچی ریزالو” مفت ہوتے ہوئے بھی پروفیشنل معیار کے ایسے فیچرز فراہم کرتا ہے جو عموماً مہنگے سافٹ ویئرز میں ملتے ہیں۔ اسی طرح “Canva Video Editor” بھی آسانی سے تیز اور خوبصورت ویڈیوز بنانے کے لیے بہترین انتخاب ہے۔
ایسے ہی “Clipchamp” جو مائیکروسافٹ کی ملکیت ہے، نئے صارفین کے لیے خاص طور پر موزوں ہے کیونکہ اس کا انٹرفیس بہت سادہ اور دوستانہ ہے۔
چاہے آپ یوٹیوبر ہوں، انسٹاگرام انفلوئنسر، ٹک ٹاکر یا اپنے ذاتی پروجیکٹس کے لیے کام کر رہے ہوں، ان جدید اور مفت ٹولز کی مدد سے آپ اپنی ویڈیوز کو مزید نکھار سکتے ہیں۔
یہ تحریر اے آئی کی دنیا کے فیس بک پیج کے لیے خصوصی طور پر تیار کی گئی ہے۔