گوگل نے حال ہی میں ایک 69 صفحات پر مشتمل تفصیلی وائٹ پیپر (White Paper) جاری کیا ہے جو "Prompt Engineering" کے نام سے مشہور ہے۔ اس وائٹ پیپر کو مصنوعی ذہانت کے شوقین افراد، ڈویلپرز اور محققین کے لیے ایک مکمل رہنما (guide) کہا جا سکتا ہے۔ اس وائٹ پیپر کا بنیادی مقصد بڑے لینگوئج ماڈلز (LLMs) جیسے ChatGPT یا Gemini کے ساتھ بہتر طریقے سے بات چیت کرنے کا فن سکھانا ہے۔ یہ وائٹ پیپر واضح کرتاہے کہ مصنوعی ذہانت کو بہتر طور پر کیسے سمجھایا جائے تاکہ وہ زیادہ مؤثر اور درست جواب دے سکے۔
یہ وائٹ پیپر صرف عام ہدایات پر مشتمل نہیں، بلکہ اس میں Prompt Engineering کے بنیادی تصورات، عملی تکنیکوں اور مؤثر اصولوں کو مرحلہ وار واضح کیا گیا ہے۔ یہ وضاحت کرتا ہے کہ Prompt Engineering صرف کمانڈز دینے تک محدود نہیں، بلکہ مصنوعی ذہانت کے ساتھ مؤثر رابطے قائم کرنے کا ایک مکمل فن ہے۔ آسان الفاظ میں، Prompt Engineering دراصل انسانوں اور مصنوعی ذہانت کے درمیان پل کی حیثیت رکھتا ہے۔ جتنی واضح اور مربوط آپ کی ہدایت یا سوال ہوگا، اتنا ہی بہتر اور درست جواب AI کی طرف سے ملے گا۔
یہ وائٹ پیپر متعدد Prompting تکنیکوں کو بھی تفصیلی طور پر واضح کرتا ہے۔ ان میں Zero-Shot Prompting شامل ہے، جس میں براہِ راست ہدایت دی جاتی ہے، One-Shot Prompting میں ایک مثال شامل ہوتی ہے، جبکہ Few-Shot Prompting میں متعدد مثالیں دی جاتی ہیں تاکہ AI زیادہ بہتر نتائج پیدا کر سکے۔ اس کے علاوہ پیچیدہ مسائل کو حل کرنے کے لیے Chain-of-Thought (CoT) تکنیک، جس میں AI قدم بہ قدم استدلال پیش کرتا ہے، اور ReAct (Reasoning + Action) تکنیک بھی شامل ہے جس میں AI صرف سوچتا ہی نہیں بلکہ عملی اقدامات بھی کرتا ہے۔ Code Prompting کے ذریعے مصنوعی ذہانت کو کوڈ لکھنے، سمجھنے، ترجمہ کرنے یا ڈی بگ کرنے پر بھی آمادہ کیا جا سکتا ہے۔
یہ وائٹ پیپر صرف تھیوری پر مبنی نہیں، بلکہ اس میں عملی مثالیں اور کیس اسٹڈیز بھی موجود ہیں جن سے واضح ہوتا ہے کہ کون سی تکنیک کس مسئلے کے لیے زیادہ موزوں ہے۔ مزید براں، گوگل نے اس وائٹ پیپر میں Prompt Engineering کے لیے بہترین عملی اصولوں (Best Practices) پر بھی روشنی ڈالی ہے۔ واضح، مختصر اور مربوط ہدایات لکھنا، کام کی نوعیت کی وضاحت، پسِ منظر کی معلومات فراہم کرنا، مطلوبہ جواب کے فارمیٹ کو واضح کرنا اور مستقل تجربات کے ذریعے اپنے پرامپٹس کو بہتر بناتے رہنا ان اصولوں میں شامل ہیں۔
یہ صرف ایک تکنیکی وائٹ پیپر نہیں بلکہ Prompt Engineering کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتاہے۔ مستقبل میں AI سے مؤثر رابطہ اور تعامل مزید اہم ہو جائے گا۔ یہی وجہ ہے کہ Prompt Engineering کو سمجھنا اور سیکھنا اب پہلے سے کہیں زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔
ہمارے فیس بک پیج پر آپ کو اس انتہائی اہم اور مفید وائٹ پیپر کا اردو زبان میں جامع خلاصہ چھ اقساط میں دستیاب ہوگا( اس سلسلے میں ہر قسط میں ان موضوعات کو مکمل وضاحت اور مثالوں کے ساتھ پیش کیا جائے گا ۔پرامپٹ انجینئرنگ کی بنیاد، LLM آؤٹ پٹ کنفیگریشن، ایڈوانس پرامپٹنگ ٹیکنیکس، :ایکشن پر مبنی پرامپٹنگ اور آٹومیٹک پرامپٹ انجینئرنگ، کوڈ پرامپٹنگ، موثر پرامپٹنگ کے بہترین طریقے اور تجاویز)۔ ہمارا مقصد ہے کہ اردو زبان بولنے اور سمجھنے والے افراد بھی اس انتہائی اہم میدان میں مہارت حاصل کر سکیں۔
یہ تحریر اے آئی کی دنیا کے فیس بک پیج پر پوسٹ کی گئی ہے۔