جمعہ، 17 جولائی 2026
اے آئی کی دنیا

مصنوعی ذہانت کی خبریں، ٹولز اور معلومات

خبریں

مصنوعی ذہانت کی تاریخ :: ایک ذہین سفر

4 نومبر 2025

مصنوعی ذہانت کی تاریخ :: ایک ذہین سفر

کبھی کبھی انسان خود کو آئینے میں دیکھتے ہوئے یہ سوچتا ہے کہ کیا واقعی وہ اس کائنات کا واحد شعور ہے؟ یا پھر شعور محض گوشت اور خون کا کھیل نہیں، کوئی ایسا راز ہے جسے سمجھا اور شاید نقل بھی کیا جا سکتا ہے؟ یہ وہ سوال ہے جس نے نہ صرف فلسفیوں، بلکہ سائنس دانوں، ریاضی دانوں اور مفکرین کو صدیوں سے بےچین رکھا ہے۔ اور اسی بےچینی نے ایک خواب کو جنم دیا ، ایک ایسی مشین کا خواب، جو سوچ سکے، سیکھ سکے، سمجھ سکے، اور فیصلہ کر سکے۔

یہ خواب نیا نہیں۔ ارسطو سے لے کر 13ویں صدی کے اسلامی مفکرین تک، انسان نے ہمیشہ ایسے خودکار نظموں کا تصور کیا جو انسانی عقل کی مانند کام کریں۔ لیکن اس تصور کو باقاعدہ ایک سائنسی بنیاد 1956 میں ملی، جب ڈارٹ ماؤتھ کالج میں ایک تاریخی کانفرنس منعقد ہوئی۔ یہاں ایک انقلابی دعویٰ سامنے آیا: “انسانی ذہانت کو اس قدر واضح انداز میں بیان کیا جا سکتا ہے کہ اسے ایک مشین میں بھی نافذ کیا جا سکے۔” اسی لمحے کو مصنوعی ذہانت کی رسمی پیدائش مانا جاتا ہے۔

ابتدائی دور میں یہ محض شطرنج کھیلنے والے پروگرامز یا حساب لگانے والی سادہ مشینیں تھیں۔ جو کچھ کرتی تھیں، وہ ان میں ڈالے گئے اصولوں کے مطابق ہوتا تھا۔ مگر ہر خواب کو وقت، مشقت اور بہت سے ناکام تجربوں کی کوکھ سے گزرنا ہوتا ہے۔ اُس وقت کمپیوٹروں کی رفتار اور یادداشت محدود تھی، اس لیے ترقی کی رفتار بھی محتاط اور ناپختہ رہی۔

پھر 1980 کی دہائی میں “ایکسپرٹ سسٹمز” نے ایک نیا در کھولا۔ یہ وہ پروگرام تھے جو کسی خاص شعبے میں ماہر انسان کی طرح مشورے دے سکتے تھے۔ طب، صنعت، اور تحقیق میں ان کی افادیت نے مصنوعی ذہانت کو ایک بار پھر مرکزی مقام پر لا کھڑا کیا۔ لیکن اصل دھماکہ تب ہوا جب مشین لرننگ نے جنم لیا ، وہ لمحہ جب مشینوں نے سیکھنا شروع کیا، اپنے تجربے سے، اپنی غلطیوں سے۔ اب انہیں ہر چیز کے لیے الگ سے پروگرام کرنے کی ضرورت نہ رہی۔

2000 کے بعد جب انٹرنیٹ نے دنیا کو ڈیٹا سے بھر دیا اور کمپیوٹرز نے بجلی کی رفتار سے سیکھنا شروع کیا، تب “ڈیپ لرننگ” اور “نیورل نیٹ ورکس” جیسے تصورات منظر پر آئے۔ یہاں مشین نے صرف سیکھا نہیں، بلکہ ایسی چیزیں “سمجھنی” شروع کیں جنہیں صرف انسان اپنی خاصیت سمجھتا تھا: زبان، تصویر، آواز، جذبہ، مزاج۔

آج ہم جس دنیا میں جی رہے ہیں، وہاں ایک مشین نہ صرف ہماری بات کا مطلب سمجھتی ہے، بلکہ اس پر جواب بھی دیتی ہے، مشورہ بھی، ترجمہ بھی، اور سوال بھی۔ خودکار گاڑیاں، چہرے پہچاننے والے نظام، طبی تشخیص کرنے والے روبوٹ، سب کچھ اس سفر کا نتیجہ ہے جو کسی سائنس دان نے ایک ویران کمرے میں بیٹھ کر صرف سوچا تھا۔

مگر یہ سب کچھ کسی ایک ایجاد کا نتیجہ نہیں۔ یہ اُس وقت کی کہانی ہے جب انسان نے یہ تسلیم کیا کہ شعور محض حیاتیاتی عمل نہیں، ایک منطق، ایک ڈھانچہ ہے ، جسے دوبارہ تخلیق کیا جا سکتا ہے۔ اور یہ سوچ خود بذاتِ خود ایک انقلاب تھی۔

مصنوعی ذہانت کی تاریخ ہمیں یاد دلاتی ہے کہ ہر ترقی کا آغاز ایک سوال سے ہوتا ہے ، اور ہر سوال میں ایک نیا جہان چھپا ہوتا ہے۔ شاید یہی انسان کی اصل ذہانت ہے: سوال کرنا، خواب دیکھنا، اور انہیں ممکن بنانے کی ضد پال لینا۔ تو یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ مصنوعی ذہانت کا سفر محض سائنس کا نہیں، ایک تہذیبی خواب کا سفر ہے ، جو آج بھی جاری ہے۔

کیا کل ایک مشین مکمل انسان بن سکے گی؟ کیا ہم خود اپنی عقل کی نقل سے خوف زدہ ہوں گے؟ یا شاید ہم ایک نئے شعور کی پیدائش کے گواہ بنیں گے؟

یہ وقت بتائے گا۔ فی الحال تو یہ داستان ابھی جاری ہے۔

“یہ تحریر اے آئی کی دنیا کے فیس بک پیج پر پوسٹ کی گئی ہے۔”

اس تحریر پر فیس بک پر تبصرہ کریں

مزید پڑھیں