جمعہ، 17 جولائی 2026
اے آئی کی دنیا

مصنوعی ذہانت کی خبریں، ٹولز اور معلومات

خبریں

جب کوانٹم کمپیوٹر اور مصنوعی ذہانت ایک دوسرے سے مل جائیں گے

24 اکتوبر 2025

جب کوانٹم کمپیوٹر اور مصنوعی ذہانت ایک دوسرے سے مل جائیں گے

انسانی تاریخ میں کچھ ٹیکنالوجیاں ایسی آتی ہیں جو صرف رفتار نہیں، سمت بھی بدل دیتی ہیں۔ کوانٹم کمپیوٹر اور مصنوعی ذہانت (AI) کا ملاپ ایسا ہی لمحہ ہے۔ ایک وہ ہے جو سوچتا ہے، دوسرا وہ جو ممکنات کے ہزاروں راستے بیک وقت دیکھ سکتا ہے۔ جب یہ دونوں اکٹھے ہوں گے، تو شاید “سوچنے والی مشین” صرف ایک تصور نہیں رہے گی بلکہ ایک حقیقت بن جائے گی۔

گوگل کی تحقیق اسی سمت بڑھ رہی ہے۔ ان کا “Quantum AI” پروگرام اب تک کا سب سے جامع منصوبہ ہے، جہاں وہ ایسی کوانٹم مشینیں بنا رہے ہیں جو سپر کنڈکٹنگ کیوبِٹس (Qubits) کے ذریعے ایک وقت میں کئی امکانات پر عمل کر سکتی ہیں۔ عام کمپیوٹر صرف “0” یا “1” میں سوچتا ہے، مگر کوانٹم کمپیوٹر “0” اور “1” دونوں کو ایک ساتھ پروسیس کرتا ہے۔ اس خصوصیت کو “Superposition” کہا جاتا ہے اور یہی وہ جادو ہے جو مصنوعی ذہانت کی رفتار اور معنویت کو کئی ہزار گنا بڑھا سکتا ہے۔

گوگل کی نئی Willow چپ نےگویااس جادو کی بنیاد رکھ دی ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ چپ وہ حسابات چند منٹوں میں مکمل کر سکتی ہے جس کے لیے روایتی سپر کمپیوٹرز کو کھربوں سال درکار ہوتے ۔ یہ یقینا”ایک نئے دور کا آغاز ہے جہاں ڈیٹا کی رفتار، توانائی اور تخلیقیت ایک دوسرے سے زمرد آزما ہیں۔

اب ذرا تصور کریں کہ اگر ایک جدید مصنوعی ذہانت کا ماڈل، جیسے ChatGPT، کوانٹم مشین پر چلے؟ وہ صرف معلومات یاد نہیں رکھے گا بلکہ حقیقی معنوں میں “امکانات” پر غور کرے گا۔ آج کا AI سیکھتا ہے، مگر کوانٹم AI سوچے گا ایک ہی وقت میں ہزاروں نتائج کا تجزیہ کر کے وہ راستہ چنے گا جو سب سے زیادہ مؤثر ہو۔

یہ انقلاب صرف سائنس تک محدود نہیں رہے گا۔ دوائیں تیار کرنے سے لے کر موسمیاتی ماڈلز، اقتصادی پیشگوئیوں اور حتیٰ کہ انسانی ذہن کے رویوں کو سمجھنے تک، ہر میدان میں اس کا اثر پھیلے گا۔ گوگل اور دیگر ادارے پہلے ہی ایسی تحقیق کر رہے ہیں جہاں کوانٹم کمپیوٹنگ کے ذریعے نیورل نیٹ ورکس کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔

لیکن طاقت کے ساتھ خطرہ بھی آتا ہے۔ ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ کوانٹم کمپیوٹر موجودہ انکرپشن سسٹمز توڑ سکتے ہیں، حساس ڈیٹا افشا کر سکتے ہیں، اور غیر متوقع نتائج پیدا کر سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ گوگل “فالٹ ٹولرنٹ” (fault-tolerant) نظام بنانے پر زور دے رہا ہے تاکہ غلطیاں کنٹرول میں رہیں۔

کوانٹم کمپیوٹر اور مصنوعی ذہانت کا ملاپ دراصل انسان کے اپنے ذہن کی اگلی عکاسی ہے۔ یہ صرف طاقتور مشینوں کی کہانی نہیں، بلکہ اس سوال کی بھی کہ جب مشین انسان سے بہتر سوچنے لگے تو انسان کیا کرے گا؟

“یہ تحریر اے آئی کی دنیا کے فیس بک پیج پر پوسٹ کی گئی ہے۔”

اس تحریر پر فیس بک پر تبصرہ کریں

مزید پڑھیں