جمعہ، 17 جولائی 2026
اے آئی کی دنیا

مصنوعی ذہانت کی خبریں، ٹولز اور معلومات

خبریں

جب اے آئی مفت ہو، اصل قیمت کیسے وصول ہوتی ہے؟

14 جنوری 2026

جب اے آئی مفت ہو، اصل قیمت کیسے وصول ہوتی ہے؟

دنیا کی سب سے ذہین اور طاقتور کمپنیاں اس وقت جس زور و شور سے اے آئی پر کام کر رہی ہیں اس کی مالیت 765 کھرب روپے کےپہنچ سکتی ہے۔ یہ رقم ایک سال کے جنوبی کوریا جیسے ترقی یافتہ ملک کے سالانہ بجٹ سے بھی زیادہ ہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ Microsoft، Google اور OpenAI جیسی کمپنیاں بہت سے صارفین سے اس کے بدلے ایک روپیہ بھی وصول نہیں کر رہیں۔ فری ورژن سے ہم روزانہ اے آئی سے رپورٹیں لکھواتے ہیں، کوڈ بنواتے ہیں، سفر کے منصوبے تیار کرواتے ہیں، سب کچھ بظاہر مفت۔ سوال یہ ہے کہ جب دنیا میں کچھ بھی مفت نہیں ہوتا تو یہ کمپنیاں ایسا کیوں کر رہی ہیں؟

سال 2026 میں صرف اے آئی پر متوقع سرمایہ کاری 765 کھرب روپے تک پہنچنے والی ہے۔ اس رقم کا حجم سمجھنے کے لیے یہ جاننا کافی ہے کہ اسی سرمایہ سے ایک بڑے شہر جتنی بجلی کھانے والے ڈیٹا سینٹرز، لاکھوں جدید چِپس اور دنیا کے مہنگے ترین ماہرین خریدے جا سکتے ہیں۔ اس کے باوجود صارفین کو مفت رسائی دی جا رہی ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں ایک نظر نہ آنے والا بل تیار ہونا شروع ہوتا ہے۔

اے آئی کی معیشت کو سمجھنے کے لیے اس کے ڈھانچے کو دیکھنا ضروری ہے۔ سب سے نچلی سطح پر سیمی کنڈکٹرز ہیں، جہاں NVIDIA کے طاقتور جی پی یوز اے آئی کا دل سمجھے جاتے ہیں۔ ایک جدید اے آئی چِپ کی قیمت لاکھوں میں ہوتی ہے اور بڑے ماڈلز کی تربیت کے لیے ہزاروں چِپس درکار ہوتی ہیں۔ اس کے اوپر کلاؤڈ انفراسٹرکچر کی تہہ ہے، جیسے Amazon Web Services، Microsoft Azure اور Google Cloud۔ سب سے اوپر وہ اے آئی سروسز ہیں جو ہم روزانہ استعمال کرتے ہیں، جیسے ChatGPT، Claude اور Gemini۔

ان تینوں سطحوں پر لاگت ناقابلِ تصور حد تک زیادہ ہے۔ ڈیٹا سینٹرز اتنی بجلی کھاتے ہیں جتنی ایک درمیانے شہر کو درکار ہوتی ہے۔ تحقیق بتاتی ہے کہ ایک اے آئی سوال عام سرچ کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ توانائی خرچ کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انسانی سرمایہ بھی ہے۔ اعلیٰ درجے کے اے آئی محققین کی سالانہ تنخواہیں کروڑوں میں ہوتی ہیں۔ Sam Altman کی قیادت میں OpenAI نے صرف ایک سال میں اربوں روپے اسٹاک کی صورت میں ماہرین کو دیے، تاکہ ٹیلنٹ ہاتھ سے نہ نکل جائے۔

پھر بھی صارف سے اتنے پیسے کیوں نہیں لیے جا رہے؟ اس کا جواب ایک لفظ میں ہے: جنگ۔ اے آئی ایک ایسا بازار ہے جہاں دوسرا نمبر ہونا ہار کے برابر ہے۔ جیسے سرچ میں گوگل نے سب کچھ سمیٹ لیا، ویسے ہی اے آئی میں بھی پہلا پلیئر سب کچھ لے جانے کی پوزیشن میں ہو گا۔ اسی لیے کمپنیاں ایک دوسرے کے سامنے “چکن گیم” کھیل رہی ہیں، جو پہلے قیمت لگائے گا، صارف اسے چھوڑ دے گا۔

اسی تناظر میں SoftBank اور OpenAI نے Stargate جیسے منصوبوں کا اعلان کیا، جہاں سیکڑوں ارب ڈالر کے ڈیٹا سینٹرز چند مہینوں میں کھڑے کر دیے گئے۔ یہ صرف سرورز نہیں، بلکہ مصنوعی ذہانت کے شہر ہیں۔ اس مفت حکمتِ عملی نے شاندار نتائج دیے۔ ChatGPT نے چند ہی مہینوں میں کروڑوں صارفین حاصل کیے اور آج اس کے فعال صارفین سینکڑوں ملین میں ہیں۔ یہی کامیابی دیکھ کر Meta نے LLaMA کو اوپن سورس کر دیا، Anthropic نے Claude کو مفت پیش کیا، اور گوگل نے Gemini کو عام صارف کے لیے کھول دیا۔

لیکن اصل قیمت کہاں وصول ہو رہی ہے؟ جواب ہے: ڈیٹا اور عادت۔ جب آپ اے آئی کو کہتے ہیں “دوبارہ لکھو”، “یہ بہتر نہیں”، یا “اس انداز میں کرو”، تو آپ دراصل اسے مفت تربیت دے رہے ہوتے ہیں۔ اسے Reinforcement Learning کہا جاتا ہے۔ پہلے یہ کام مہنگے ماہرین کرتے تھے، آج دنیا بھر کے کروڑوں صارف یہ کام بلا معاوضہ انجام دے رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک اور خطرناک چیز پیدا ہو رہی ہے: انحصار۔ وقت کے ساتھ ہم کام کرنا اے آئی کے بغیر مشکل محسوس کرنے لگتے ہیں۔ یہی لاک اِن ایفیکٹ ہے، ایک بار اندر آئے تو نکلنا آسان نہیں رہتا۔

عالمی مقابلہ اس تصویر کو مزید پیچیدہ بنا رہا ہے۔ چین تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، یورپ ضوابط لا رہا ہے، اور امریکہ برآمدات پر پابندیاں لگا رہا ہے۔ اس دوران چند ہی بڑی کمپنیاں باقی رہیں گی۔ جب بازار صاف ہو جائے گا تو مفت کا دور ختم ہو گا۔ اس کے آثار نظر آنا شروع ہو چکے ہیں۔ OpenAI نے مہنگے پریمیم پلان متعارف کرا دیے ہیں اور آئندہ برسوں میں قیمتیں مزید بڑھنے کی توقع ہے۔ بالآخر یہ بل صارف ہی ادا کرے گا، رقم کی صورت میں یا آزادی کی صورت میں۔

ایلون مسک خبردار کر چکے ہیں کہ اگر معلومات پر کنٹرول چند ہاتھوں میں چلا گیا تو یہ طاقت خطرناک رخ اختیار کر سکتی ہے۔ اسی لیے اس دور میں سب سے اہم سوال یہ نہیں کہ اے آئی کتنی مزید طاقتور بنے گی ، بلکہ یہ ہے کہ ہم اس کے غلام بنیں گے یا اسے اپنا اوزار بنائیں گے۔

حل مایوسی نہیں، حکمت ہے۔ صارف بننے کے بجائے تخلیق کار بنیں، اپنی پرائیویسی کی حفاظت کریں، اور اے آئی کی ہر بات پر آنکھ بند کر کے یقین نہ کریں۔ یہی وہ شعور ہے جو آنے والے بل کو قابلِ برداشت بنا سکتا ہے۔ مفت کا فائدہ آج اٹھائیں، مگر کل کی قیمت کو سمجھ کر۔

یہ تحریر اے آئی کی دنیا کے فیس بک پیج پر پوسٹ کی گئی ہے
#AiKiDuniya, #ArtificialIntelligence, #BigTech, #AIEconomy, #FutureOfTech, #DigitalPower

اس تحریر پر فیس بک پر تبصرہ کریں

مزید پڑھیں