جمعہ، 17 جولائی 2026
اے آئی کی دنیا

مصنوعی ذہانت کی خبریں، ٹولز اور معلومات

بچوں کے لیے

بچوں کے لیے اے آئی کی دنیا، قسط ۳۰

3 جون 2025

بچوں کے لیے اے آئی کی دنیا، قسط ۳۰

(پینتیس اقساط پر مشتمل سیریز جو بچوں اور نئے سیکھنے والوں کو انتہائی آسان انداز میں اے آئی کی دنیا سے متعارف کرائے گی)

قسط نمبر 29: نیورل نیٹ ورک میں بیک پروپیگیشن کا کردار

کبھی آپ نے سوچا ہے کہ کمپیوٹر کو کیسے پتہ چلتا ہے کہ کسی تصویر میں بلی ہے یا کتا؟ یا کسی خط میں لکھے گئے لفظ کی پہچان کیسے ہوتی ہے؟ ان تمام سوالوں کے پیچھے ایک بہت ہی دلچسپ اور عقل مند نظام چھپا ہواہے جسے "نیورل نیٹ ورک" کہتے ہیں، اور اس میں سب سے خاص کردار جس عمل کا ہوتا ہے، وہ ہے "بیک پروپیگیشن"۔
فرض کریں ایک شاگرد ہر بار کوئی سوال غلط کرتا ہے، اور استاد اسے بتاتا ہے کہ کہاں کہاں غلطی ہوئی۔ شاگرد اپنے جواب کو ٹھیک کرنے کے لیے ہر قدم پر غور کرتا ہے اور دوبارہ کوشش کرتا ہے۔ اسی عمل کو نیورل نیٹ ورک میں "بیک پروپیگیشن" کہتے ہیں۔ یہ مشین کا سیکھنے کا ایک نہایت موثر اور بنیادی طریقہ ہے۔
ایسے ہی اگر ایک ذہین مشین ہو جس سے رنگوں کو پہچان کروانی ہو۔ اگر اسے ایک سبز سیب دکھایا جائے اور وہ کہے کہ یہ سرخ ہے، تو ہم اسے بتاتے ہیں کہ نہیں، یہ سبز ہے۔ مشین سوچتی ہے، اپنی اندرونی ترتیب میں تبدیلی لاتی ہے اور اگلی بار بہتر جواب دیتی ہے۔ یہ اندرونی تبدیلی بیک پروپیگیشن کی مدد سے ہوتی ہے۔
نیورل نیٹ ورک دراصل کمپیوٹر کا دماغ ہے، جو بہت سارے "نیورانز" (یعنی چھوٹے دماغی خلیے) پر مشتمل ہوتا ہے۔ ہر نیوران ایک چھوٹا سا فیصلہ کرتا ہے، اور مل کر یہ سب ایک بڑا فیصلہ بناتے ہیں، جیسے کہ کسی تصویر میں موجود چیز کو پہچاننا۔ جب نیورل نیٹ ورک کوئی غلطی کرتا ہے، تو بیک پروپیگیشن اسے بتاتا ہے کہ کہاں کہاں گڑبڑ ہوئی۔ یہ بالکل ویسا ہے جیسے استاد بچے کو بتاتا ہے کہ حساب کا سوال کہاں غلط کیا گیا ہے۔
بیک پروپیگیشن کے ذریعے، کمپیوٹر نیٹ ورک کے ہر "وزن" یعنی ہر رابطے کو ایک خاص نمبر دیا جاتا ہے کہ اُس نے کتنی درست یا غلط معلومات فراہم کیں۔ یہ نمبر "پیچھے" کی طرف جاتے ہیں (اسی لیے اسے بیک پروپیگیشن کہتے ہیں) اور پورے نیٹ ورک کو بتاتے ہیں کہ اسے کہاں اور کیسے بہتر ہونا ہے۔
یہ عمل ایک بار نہیں بلکہ بار بار ہوتا ہے۔ ہر بار جب نیورل نیٹ ورک کو نئی معلومات دی جاتی ہے، اور وہ غلطی کرتا ہے، تو بیک پروپیگیشن اس کی مدد کرتا ہے کہ وہ اپنی ترتیب بہتر کرے۔ بالکل ایسے جیسے کوئی بچہ روزانہ سائیکل چلاتا ہے، گرتا ہے، سیکھتا ہے، اور آخرکار بغیر گرے توازن سے چلانا سیکھ لیتا ہے۔ اسی طرح نیورل نیٹ ورک میں بھی ہر "نیوران " کو اس کی جگہ اور کام کی پہچان کرائی جاتی ہے۔
بیک پروپیگیشن کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ یہ نیورل نیٹ ورک کو خود سے بہتر ہونے کی صلاحیت دیتا ہے۔ اس کے بغیر مشین کبھی اپنی غلطیوں سے نہیں سیکھ سکتی۔ یہ عمل کمپیوٹر کے سیکھنے کے نظام کی ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے، جو اسے بتاتا ہے کہ کہاں کہاں سوچنے میں غلطی ہوئی، اور اسے کیسے سدھارنا ہے۔
یہ عمل اگرچہ مکمل طور پر حسابی اور لوجیکل ہوتا ہے، لیکن اس کی روح سیکھنے اور بہتر ہونے کی انسانی فطرت سے بہت ملتی جلتی ہے۔ یہ وہی بات ہے جو انسانوں کو ترقی کرنے کے قابل بناتی ہےکہ اپنی غلطیوں سے سیکھنا یعنی غلطی کرنا، غلطی کو پہچاننا، اور پھر سیکھ کر اگلی بار بہتر ہونا۔
اسی وجہ سے مصنوعی ذہانت کا نظام آج اتنا زبردست ہو گیا ہے۔ بیک پروپیگیشن ایک خاموش استاد کی طرح نیورل نیٹ ورک کو سکھاتا ہے، سمجھاتا ہے، اور ہر قدم پر بہتر بناتا ہے۔ اس عمل کی بدولت کمپیوٹر آج محض حساب کتاب کرنے والی مشین نہیں رہا بلکہ ایک ایسا ذہین نظام بن چکا ہے جو ہر لمحہ سیکھتا ہے اور خود کو بہتر بناتا ہے۔

آخری چند اقساط میں ہم اے آئی کے روزمرہ استعمال کے بارے میں جانیں گے۔
یہ تحریر اے آئی کی دنیا کے فیس بک پیج پر پوسٹ کی گئی ہے۔ اس کی تمام اقساط آپ (#AiKiDuniyaKidsSeries) ہیش ٹیگ پر کلک کر کے پڑھ سکتے ہیں۔

اس تحریر پر فیس بک پر تبصرہ کریں

مزید پڑھیں