جمعہ، 17 جولائی 2026
اے آئی کی دنیا

مصنوعی ذہانت کی خبریں، ٹولز اور معلومات

بچوں کے لیے

بچوں کے لیے اے آئی کی دنیا، قسط ۳۱

6 جون 2025

بچوں کے لیے اے آئی کی دنیا، قسط ۳۱

(پینتیس اقساط پر مشتمل سیریز جو بچوں اور نئے سیکھنے والوں کو انتہائی آسان انداز میں اے آئی کی دنیا سے متعارف کرائے گی)

قسط نمبر 30: مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا پرائیویسی

ایک وقت تھا جب نجی خط صرف آپ اور اس کے مخاطب کے درمیان ہوتا تھا۔ اب وہی خط، اگر ای میل کی شکل میں بھیجا جائے، تو درجنوں آنکھیں، جنہیں آپ جانتے بھی نہیں، اسے پڑھ سکتی ہیں۔ یہ نئی دنیا ہے، جہاں معلومات محض علم نہیں، طاقت بھی ہیں، اور طاقت ہمیشہ سے ایک سوال اٹھاتی ہے کہ اخلاقی حد کہاں ختم ہوتی ہے؟

مصنوعی ذہانت کے اس تیزرفتار دور میں جہاں نظام خودکار طور پر ہمارے چہروں کو پہچانتے ہیں، ہماری آوازوں کو نقل کرتے ہیں، ہماری پسند ناپسند کو سمجھ کر ہمیں "مشورے" دیتے ہیں، وہاں ایک بنیادی تشویش ابھر کر سامنے آئی ہے کہ ہمارا ڈیٹا کس کے پاس ہے، اور وہ اس کے ساتھ کیا کر رہا ہے؟

جب ہم سوشل میڈیا پر اپنی تصویر لگاتے ہیں، کوئی پوسٹ لائک کرتے ہیں، یا گوگل پر کوئی سوال لکھتے ہیں، تو ہم انجانے میں ایک بہت بڑی مشین کو ایندھن فراہم کر رہے ہوتے ہیں ، یہ مشین ہمارے ڈیٹا سے سیکھتی ہے، اور پھر ہمیں ہی بہتر طور پر قابو میں لانے کے لیے تیار ہوتی ہے۔ یہ عمل محض تجارتی نہیں، بلکہ سماجی، سیاسی اور اخلاقی سطح پر بھی گہرا اثر رکھتا ہے۔

ڈیٹا پرائیویسی کا معاملہ محض پاسورڈ چھپانے کا نہیں، بلکہ یہ ایک ثقافتی، قانونی اور فلسفیانہ سوال بھی ہے کہ کیا انسان کی معلومات بھی اس کی ذات کا حصہ ہیں؟ اگر ہاں، تو ان معلومات کا غلط استعمال دراصل ایک شخص کی آزادی پر حملہ ہے۔ آج کا نظام، خواہ وہ گوگل ہو، ایمیزون یا کوئی ریاستی نظام سب ایک ہی کام کر رہے ہیں، ہمارے بارے میں زیادہ سے زیادہ جاننا۔ لیکن جاننے کا یہ حق انہیں کس نے دیا؟

مصنوعی ذہانت اب ایسے "فیچرز" سے لیس ہو چکی ہے جو ہماری آنکھوں کی حرکت، آواز کی لرزش، چال کے انداز تک سے اندازہ لگا سکتی ہے کہ ہم کس ذہنی کیفیت میں ہیں۔ کیا یہ پیش رفت ہے یا حد سے تجاوز؟ جب ایک نظام ہمارے جذبات تک کو پڑھ لے، تو پھر ہماری آزادی کہاں باقی رہتی ہے؟ کیا ہم واقعی اسے بات سے باخبر ہیں کہ ہم کس کس کو اپنا آپ پیش کر رہے ہیں؟

بعض ممالک نے ڈیٹا پروٹیکشن کے سخت قوانین متعارف کرائے ہیں جیسے یورپ میں "جی ڈی پی آر"۔ لیکن جہاں قانون خاموش ہو، وہاں اخلاقی ذمہ داری جاگتی ہے۔ ہر ڈیولپر، ہر کمپنی، ہر محقق کے سامنے یہ سوال آ کھڑا ہوتا ہے: کیا میں وہ سب کچھ کر سکتا ہوں، جو مجھے کرنا آتا ہے؟ یا مجھے وہی کرنا چاہیے جو درست ہو؟

مصنوعی ذہانت کی ترقی اور ڈیٹا پرائیویسی کا تصادم دراصل سائنس اور اخلاق کے دو دھاروں کا سنگم ہے۔ ہم نہ تو ترقی کو روک سکتے ہیں، نہ ہی اپنی آزادی کو چھوڑ سکتے ہیں۔ ہمیں ان دونوں کے بیچ ایک نیا توازن تلاش کرنا ہو گا ،ایسا توازن جو انسان کو مشینوں کے درمیان محض "ڈیٹا پوائنٹ" بننے سے بچا سکے۔

اگلی قسط میں ہم بات کریں گے مصنوعی ذہانت کے اخلاقی پہلو یا اخلاقیات سے جڑے سوالوں کے بارے میں۔

یہ تحریر اے آئی کی دنیا کے فیس بک پیج پر پوسٹ کی گئی ہے۔ اس کی تمام اقساط آپ (#AiKiDuniyaKidsSeries) ہیش ٹیگ پر کلک کر کے پڑھ سکتے ہیں۔

اس تحریر پر فیس بک پر تبصرہ کریں

مزید پڑھیں