(پینتیس اقساط پر مشتمل سیریز جو بچوں اور نئے سیکھنے والوں کو انتہائی آسان انداز میں اے آئی کی دنیا سے متعارف کرائے گی)
قسط نمبر 33: اے آئی کا مستقبل ، انسان کے ساتھ یا اس کے بعد؟
جب ہم "مستقبل" کا نام لیتے ہیں تو اکثر چمکتی ہوئی مشینیں، اُڑتی ہوئی گاڑیاں، اور چاند،مریخ پر بستیوں کے مناظر ذہن میں آتے ہیں۔ مگر ان سب کے درمیان آج کل ایک اور خاموش قوت ہے جو دھیرے دھیرے ہماری دنیا کو بدل رہی ہے جو نہ شور کرتی ہے، نہ دکھائی دیتی ہے، لیکن ہمارے تقریبا" ہر فیصلے میں موجود ہے: یعنی مصنوعی ذہانت۔ آج کا سوال یہ نہیں رہا کہ اے آئی کیا کچھ کر سکتی ہے، بلکہ یہ ہے کہ کیا وہ ہمیں پیچھے چھوڑ سکتی ہے؟
مصنوعی ذہانت تیزی سے خود کو ایسے مقام پر لے جا رہی ہے جہاں وہ صرف اطاعت گزار ٹول نہیں بلکہ ایک خود مختار فیصلہ ساز بن رہی ہے۔ موجودہ دور میں "جنریٹو ماڈلز" تخلیق کر رہے ہیں شاعری، موسیقی، تصویریں، حتیٰ کہ نظریے۔ اگلا قدم کیا ہو گا؟ کیا ہم ایسے ذہین نظام دیکھیں گے جو قوانین خود لکھیں، فیصلے خود کریں، اور شاید انسان کی رہنمائی بھی خود ہی سنبھال لیں؟
کچھ مفکرین کا خیال ہے کہ اے آئی انسان کے ساتھ مل کر ایک سنہرا دور لا سکتی ہے ، ایک ایسا دور جہاں مشینیں انسانی کمزوریوں کا سہارا بنیں، بیماریوں کا علاج نکالیں، غربت مٹائیں، تعلیم عام کریں۔ مگر یہ تصویر جتنی حسین ہے، اتنی ہی نازک بھی ہے۔ کیونکہ یہی مشینیں اگر غلط ہاتھوں میں چلی گئیں، یا اگر ان کی خودمختاری کو ہم نے اندھا دھند بڑھا دیا، تو یہ ہمارے اختیار سے باہر بھی جا سکتی ہیں۔
مستقبل کا سب سے نازک سوال یہی ہے: اختیار کس کے پاس ہو گا؟ مشین کے پاس؟ کمپنی کے پاس؟ ریاست کے پاس؟ یا ہر فرد کے پاس؟ اگر اے آئی ہماری سوچ، جذبات، رشتے، اور فیصلے سمجھنے لگے ، اور ان پر اثر انداز بھی ہو ، تو ہم کس حد تک آزاد رہیں گے؟
پھر یہ بھی سوچنے کی بات ہے کہ انسان کی تعریف کیا بچے گی؟ کیا احساس، رحم، محبت، اور تخیل وہ خصوصیات ہوں گی جو ہمیں مشین سے ممتاز بنائیں گی؟ یا ایک دن مشین بھی وہ سب محسوس کرنے کا دعویٰ کرے گی؟ اگر ایسا ہوا تو انسان اور مشین کے درمیان حد کہاں کھینچی جائے گی؟
اے آئی کا مستقبل صرف ٹیکنالوجی کا نہیں، انسانیت کا سوال ہے۔ ہمیں نہ صرف نئے نظام بنانے ہیں، بلکہ نئی اخلاقیات، نئے قوانین، اور نئی حساسیت بھی پیدا کرنی ہے۔ ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہے کہ ہم اے آئی کے ساتھ کیسا رشتہ چاہتے ہیں ، مالک اور غلام کا، دوست اور مددگار کا، یا شاید خالق اور مخلوق کا؟
اگلی قسط میں ہم بات کریں گے اے آئی کو مزید سیکھنے کے بارے میں،خصوصا" بچوں کے بڑوں کے لیے۔
یہ تحریر اے آئی کی دنیا کے فیس بک پیج پر پوسٹ کی گئی ہے۔ اس کی تمام اقساط آپ (#AiKiDuniyaKidsSeries) ہیش ٹیگ پر کلک کر کے پڑھ سکتے ہیں۔