جمعہ، 17 جولائی 2026
اے آئی کی دنیا

مصنوعی ذہانت کی خبریں، ٹولز اور معلومات

بچوں کے لیے

بچوں کے لیے اے آئی کی دنیا، قسط ۵

6 مئی 2025

بچوں کے لیے اے آئی کی دنیا، قسط ۵

(پینتیس اقساط پر مشتمل سریز جو بچوں اور نئے سیکھنے والوں کو انتہائی آسان انداز میں اے آئی کی دنیا سے متعارف کرائے گی)

قسط نمبر 4: مشین لرننگ کیا ہے؟

ہم پچھلی قسط میں یہ سمجھ چکے ہیں کہ الگورتھم کیا ہوتا ہے اور یہ مشینوں کو سیکھنے کا راستہ کیسے دکھاتا ہے۔آج ہم ایک نئے، زبردست موضوع پر بات کریں گے: مشین لرننگ۔
یعنی وہ طریقہ جس سے مشینیں خود سے سیکھنے لگتی ہیں، جیسے ہم انسان تجربے سے سیکھتے ہیں۔

ذرا ایک لمحے کو رک کر تصور کریں:
آپ نے پہلی بار سائیکل چلانے کی کوشش کی۔ پہلے پہل کئی بار گرے، لیکن بار بار کوشش سے آخرکار سیکھ گئے۔ اب آپ بغیر سوچے سمجھ کر سائیکل چلا لیتے ہیں۔
بالکل اسی طرح جب ہم مشینوں کو سکھاتے ہیں کہ وہ اپنے تجربات سے سیکھیں، اپنی غلطیوں سے سبق لیں اور اگلی بار بہتر کارکردگی دکھائیں، تو اسے "مشین لرننگ" کہتے ہیں۔
"مشین لرننگ" دراصل "مصنوعی ذہانت" کی ایک خاص شاخ ہے۔ یہاں مشینوں کو بار بار مثالیں دے کر سکھایا جاتا ہے کہ کسی خاص صورتحال میں کیا فیصلہ کرنا ہے۔
مثلاً اگر ہم ایک کمپیوٹر کو ہزاروں تصاویر دکھائیں اور بتائیں کہ یہ بلی ہے اور یہ کتا ہے، تو تھوڑی مشق کے بعد مشین خود پہچاننے لگے گی کہ کون سی تصویر میں بلی ہے اور کون سی میں کتا۔
لیکن اہم بات یہ ہے کہ ہم مشین کو ہر صورت حال کے لیے الگ الگ حکم نہیں دیتے۔ ہم صرف اسے سیکھنے کا طریقہ سکھاتے ہیں۔یعنی مشینوں کو اپنی "سوچنے" کی صلاحیت پیدا کرنی پڑتی ہے، بالکل ویسے ہی جیسے بچہ خود یہ سیکھ لیتا ہے کہ آگ گرم ہوتی ہے، اسے ہاتھ نہیں لگانا چاہیے۔

مشین لرننگ میں تین بڑی قسمیں ہوتی ہیں۔

ایک ہوتی ہے "سپر وائزڈ لرننگ"، جس میں مشین کو پہلے سے درست جوابات دیے جاتے ہیں، جیسے استاد شاگرد کو ہر سوال کا جواب بتاتا ہے۔

دوسری ہوتی ہے "اَن سپر وائزڈ لرننگ"، جہاں مشین کو کہا جاتا ہے کہ خود دیکھو، خود گروپ بنا لو، خود سمجھو۔

تیسری ہے "ری انفورسمنٹ لرننگ"، جس میں مشین کو تجربہ کرنے دیا جاتا ہے، اور صحیح یا غلط پر انعام یا سزا دی جاتی ہے، جیسے کسی بچے کو اچھی حرکت پر انعام اور غلطی پر ٹوکا جائے۔

مشین لرننگ کا کمال یہ ہے کہ وقت کے ساتھ یہ خود کو بہتر بناتی جاتی ہے۔جتنا زیادہ ڈیٹا، جتنی زیادہ مشق، اتنا زیادہ مشین کا دماغ تیز اور ہوشیار ہوتا ہے۔اسی لیے آج کی دنیا میں ہم ہر جگہ مشین لرننگ دیکھتے ہیں — چاہے آپ "نیٹ فلکس" پر اپنی پسند کی فلمیں ڈھونڈ رہے ہوں، یا "گوگل میپس" آپ کو کم رش والے راستے پر لے جا رہا ہو۔مشین لرننگ نے ہماری زندگی کو آسان، تیز اور بہتر بنایا ہے۔

مگر یاد رکھیں، یہ سب کچھ ایک دن میں نہیں ہوتا۔جیسے ہمیں وقت لگتا ہے کچھ نیا سیکھنے میں، ویسے ہی مشینوں کو بھی وقت، ڈیٹا اور محنت چاہیے ہوتی ہے۔

توآج کی قسط میں ہم نے سیکھا کہ "مشین لرننگ" دراصل مشینوں کو تجربات سے سیکھنے کی صلاحیت دینا ہے، تاکہ وہ خود سے فیصلہ کر سکیں، خود سے بہتر بن سکیں۔

اگلی قسط میں ہم مزید گہرائی میں جائیں گے اور دیکھیں گے کہ "سپر وائزڈ لرننگ" کیا ہوتی ہے اور کیسے استاد کی طرح مشینوں کی رہنمائی کی جاتی ہے۔
یہ تحریر اے آئی کی دنیا کے فیس بک پیج پر پوسٹ کی گئی ہے۔ اس کی تمام اقساط آپ (#AiKiDuniyaKidsSeries) ہیش ٹیگ پر کلک کر کے پڑھ سکتے ہیں۔

اس تحریر پر فیس بک پر تبصرہ کریں

مزید پڑھیں