جمعہ، 17 جولائی 2026
اے آئی کی دنیا

مصنوعی ذہانت کی خبریں، ٹولز اور معلومات

بچوں کے لیے

بچوں کے لیے اے آئی کی دنیا، قسط ۷

8 مئی 2025

بچوں کے لیے اے آئی کی دنیا، قسط ۷

(ینتیس اقساط پر مشتمل سریز جو بچوں اور نئے سیکھنے والوں کو انتہائی آسان انداز میں اے آئی کی دنیا سے متعارف کرائے گی)

قسط نمبر 6: اَن سپر وائزڈ لرننگ کیا ہے؟

ہم نے پچھلی قسط میں جانا کہ سپر وائزڈ لرننگ میں مشین کو صحیح جواب بتا کر سکھایا جاتا ہے، بالکل استاد اور شاگرد کے تعلق کی طرح۔

مگر کیا ہو اگر استاد شاگرد کو کوئی خاص جواب نہ دے اور کہے:

"خود سوچو، خود دیکھو اور خود سیکھو۔"

تو ایسے سیکھنے کے انداز کو کہتے ہیں: اَن سپر وائزڈ لرننگ۔

فرض کیجیے کہ آپ کو ایک کمرے میں بہت سے کھلونے دے دیے جائیں — مختلف رنگوں، سائزوں اور شکلوں کے۔لیکن کوئی آپ کو نہ بتائے کہ کون سا کھلونا کیا ہے۔

آپ خود مشاہدہ کرتے ہیں کہ کچھ کھلونے بڑے ہیں، کچھ چھوٹے، کچھ نرم، کچھ سخت۔
آپ خود سے انہیں گروپوں میں بانٹنے لگتے ہیں: بڑے کھلونے ایک طرف، چھوٹے دوسری طرف۔
یہی عمل مشینیں بھی اَن سپر وائزڈ لرننگ کے ذریعے انجام دیتی ہیں۔

اَن سپر وائزڈ لرننگ میں مشین کو ڈیٹا تو دیا جاتا ہے، لیکن کوئی "لیبل" یا صحیح جواب نہیں بتایا جاتا۔ مشین خود اندازہ لگاتی ہے کہ ڈیٹا میں کون سی چیزیں آپس میں ملتی جلتی ہیں اور کون سی الگ الگ۔وہ پیٹرنز (نمونے) تلاش کرتی ہے، خود سے گروپ بناتی ہے اور اپنے طور پر چیزوں کو سمجھنے کی کوشش کرتی ہے۔

مثال کے طور پر اگر ایک مشین کو مختلف جانوروں کی تصاویر دی جائیں بغیر یہ بتائے کہ کون بلی ہے اور کون خرگوش، تو مشین ان جانوروں کے رنگ، شکل اور سائز کے لحاظ سے خود ہی گروہ بنائے گی۔
شاید وہ سارے چھوٹے جانور ایک طرف رکھے اور بڑے دوسرے طرف۔
شاید وہ لمبے کانوں والے جانوروں کو الگ کرے۔
یہ سب کچھ مشین خود اپنے مشاہدے سے سیکھتی ہے۔

اَن سپر وائزڈ لرننگ حقیقی دنیا میں کئی جگہوں پر استعمال ہوتی ہے۔
مثلاً جب آپ یوٹیوب پر نئی ویڈیوز تلاش کرتے ہیں، تو سسٹم بغیر پوچھے یہ اندازہ لگاتا ہے کہ آپ کو کس طرح کی ویڈیوز پسند آ سکتی ہیں۔یا جب مارکیٹ میں کمپنیاں اپنے گاہکوں کو مختلف گروپوں میں بانٹتی ہیں تاکہ ہر ایک کو اس کی پسند کے مطابق چیزیں بیچیں — یہ سب اَن سپر وائزڈ لرننگ کی مثالیں ہیں۔

اس قسم کی لرننگ میں مشین کو زیادہ آزادی ہوتی ہے، لیکن ساتھ ہی اسکی ذمے داری بھی بڑھ جاتی ہے۔کیونکہ اسے بغیر کسی ہدایت کے خود سیکھنا اور فیصلے کرنا ہوتا ہے۔

اسی لیے یہ عمل تھوڑا مشکل بھی ہو سکتا ہے، مگر ظاہر ہے کہ یہ بہت طاقتور بھی ہے۔

تو آج کی قسط میں ہم نے سیکھا کہ اَن سپر وائزڈ لرننگ مشینوں کو آزادانہ طور پر سیکھنے کا موقع دیتی ہے، جہاں وہ خود پیٹرنز پہچانتی ہیں اور ڈیٹا کو سمجھنے کی کوشش کرتی ہیں۔

اگلی قسط میں ہم ایک اور دلچسپ لرننگ کی قسم پر بات کریں گے، جہاں مشین کو انعام اور سزا کے ذریعے سیکھنے پر مجبور کیا جاتا ہے: ری انفورسمنٹ لرننگ۔
یہ تحریر اے آئی کی دنیا کے فیس بک پیج پر پوسٹ کی گئی ہے۔ اس کی تمام اقساط آپ (#AiKiDuniyaKidsSeries) ہیش ٹیگ پر کلک کر کے پڑھ سکتے ہیں۔#AI #AIkiDuniya #ArtificialIntelligence #MachineLearning #UnsupervisedLearning #KidsLearning

اس تحریر پر فیس بک پر تبصرہ کریں

مزید پڑھیں