جمعہ، 17 جولائی 2026
اے آئی کی دنیا

مصنوعی ذہانت کی خبریں، ٹولز اور معلومات

بچوں کے لیے

بچوں کے لیے اے آئی کی دنیا، قسط ۹

10 مئی 2025

بچوں کے لیے اے آئی کی دنیا، قسط ۹

(پینتیس اقساط پر مشتمل سریز جو بچوں اور نئے سیکھنے والوں کو انتہائی آسان انداز میں اے آئی کی دنیا سے متعارف کرائے گی)

قسط نمبر 8: ڈیٹا سیٹ کیا ہے؟

گزشتہ قسط میں ہم نے سیکھا کہ ری انفورسمنٹ لرننگ میں مشین کو انعام اور سزا کے ذریعے سیکھایا جاتا ہے۔ آج ہم مصنوعی ذہانت کے ایک اور بنیادی لیکن نہایت اہم ستون کو سمجھنے جا رہے ہیں: ڈیٹا سیٹ۔

سوچیے کہ آپ ایک نیا کھیل سیکھنا چاہتے ہیں، لیکن نہ آپ کے پاس کھیلنے کے اصول ہیں، نہ کوئی سامان۔

کیا آپ سیکھ پائیں گے؟

یقیناً نہیں!

اسی طرح جب مشینوں کو کوئی نیا ہنر سکھانا ہو تو سب سے پہلے ہمیں انہیں "معلومات" فراہم کرنی پڑتی ہے۔اسی معلومات کے بڑے ذخیرے کو کہتے ہیں: ڈیٹا سیٹ۔
"ڈیٹا سیٹ" اصل میں معلومات کا ایک مجموعہ ہوتا ہے۔یہ معلومات کئی صورتوں میں ہو سکتی ہیں: تصاویر، آوازیں، الفاظ، نمبرز، ویڈیوز، یا کوئی اور چیز جو مشین کو سیکھنے میں مدد دے۔جیسے اگر ہم ایک مشین کو پھولوں کی پہچان سکھانا چاہتے ہیں تو ہمیں ہزاروں پھولوں کی تصاویر کا ایک مجموعہ چاہیے ہوگا — یہ مجموعہ ہی ہمارا ڈیٹا سیٹ ہوگا۔
ڈیٹا سیٹ میں ہر چیز ترتیب سے موجود ہوتی ہے۔
اگر یہ سپر وائزڈ لرننگ کے لیے ہو تو ہر ڈیٹا کے ساتھ صحیح جواب بھی دیا جاتا ہے۔

مثلاً ہر تصویر کے ساتھ لکھا ہوتا ہے کہ یہ گلاب ہے، یہ سورج مکھی ہے، یہ چنبیلی ہے۔
اگر یہ اَن سپر وائزڈ لرننگ کے لیے ہو تو صرف تصویریں ہوتی ہیں، بغیر کسی نام کے — مشین کو خود سیکھنا ہوتا ہے۔

ڈیٹا سیٹ جتنا صاف ستھرا اور درست ہوگا، مشین اتنی ہی بہتر سیکھے گی۔اگر ڈیٹا میں غلطیاں ہوں، تصویریں دھندلی ہوں یا جوابات غلط دیے گئے ہوں تو مشین بھی غلط سیکھ جائے گی۔یہ بالکل ایسا ہی ہے جیسے اگر استاد خود الف بے غلط پڑھائے تو بچہ بھی غلط یاد کرے گا۔
ڈیٹا سیٹ چھوٹے بھی ہو سکتے ہیں اور بہت بڑے بھی۔

کبھی صرف سو تصاویر کافی ہوتی ہیں، اور کبھی لاکھوں کروڑوں مثالیں دینا پڑتی ہیں۔آج کے بڑے "ٹولز" جیسے "چیٹ جی پی ٹی" یا "گوگل لینز" اربوں ڈیٹا پوائنٹس سے سیکھتے ہیں۔
مشین لرننگ میں ایک اور اہم بات ہے: ڈیٹا کو کیسے جمع کیا جائے اور کیسے صاف کیا جائے۔ہمیں غیر ضروری معلومات ہٹانی پڑتی ہے، خالی جگہیں بھرنی پڑتی ہیں، اور کبھی کبھی ڈیٹا کو بہتر طریقے سے ترتیب دینا پڑتا ہے تاکہ مشین کے لیے سیکھنا آسان ہو جائے۔

آج کی قسط میں ہم نے جانا کہ ڈیٹا سیٹ مشین کے لیے وہی حیثیت رکھتا ہے جو کسی طالبعلم کے لیے کتابوں اور مشقوں کی ہوتی ہے۔

بغیر ڈیٹا کے مشین اندھی ہے — نہ دیکھ سکتی ہے، نہ سیکھ سکتی ہے۔

اگلی قسط میں ہم جانیں گے کہ "فیچرز" کیا ہوتے ہیں — یعنی وہ خاص نشانیاں جن کی مدد سے مشین چیزوں کو پہچانتی ہے۔
یہ تحریر اے آئی کی دنیا کے فیس بک پیج پر پوسٹ کی گئی ہے۔ اس کی تمام اقساط آپ (#AiKiDuniyaKidsSeries) ہیش ٹیگ پر کلک کر کے پڑھ سکتے ہیں۔

اس تحریر پر فیس بک پر تبصرہ کریں

مزید پڑھیں