جمعہ، 17 جولائی 2026
اے آئی کی دنیا

مصنوعی ذہانت کی خبریں، ٹولز اور معلومات

بچوں کے لیے

بچوں کے لیے اے آئی کی دنیا، قسط ۱۰

11 مئی 2025

بچوں کے لیے اے آئی کی دنیا، قسط ۱۰

(پینتیس اقساط پر مشتمل سریز جو بچوں اور نئے سیکھنے والوں کو انتہائی آسان انداز میں اے آئی کی دنیا سے متعارف کرائے گی)

قسط نمبر 9: فیچرز یعنی خصوصیات کیا ہوتی ہیں؟

گزشتہ قسط میں ہم نے جانا کہ ڈیٹا سیٹ مشینوں کے لیے وہ خزانہ ہے جس سے وہ سیکھتی ہیں۔
آج ہم بات کریں گے ایک اور نہایت ضروری چیز پر: فیچرز، جنہیں ہم آسان اردو میں خصوصیات بھی کہہ سکتے ہیں۔

سوچیے آپ کسی میلے میں گئے ہوں جہاں بہت سے رنگ برنگے غبارے ہوں۔کچھ غبارے بڑے ہیں، کچھ چھوٹے، کچھ نیلے رنگ کے، کچھ لال، کچھ دل کی شکل کے اور کچھ ستارے جیسے۔

اگر کوئی آپ سے کہے کہ نیلے رنگ کے غبارے چن کر لاؤ، تو آپ فوراً ہر غبارے کی رنگت پر غور کریں گے، سائز یا شکل کو نہیں دیکھیں گے۔یہ رنگ، سائز اور شکل ہر غبارے کی ایک ایک خاصیت یا فیچر ہے۔بلکل اسی طرح جب ہم مشین کو کچھ سکھاتے ہیں تو ہمیں ہر چیز کی نمایاں خصوصیات کو سمجھانا ہوتا ہے۔

مثلاً اگر ہم مشین کو سیب اور آم کے درمیان فرق سکھا رہے ہیں تو ہم یہ بتائیں گے کہ سیب عموماً گول ہوتا ہے، سرخ یا سبز رنگ کا ہوتا ہے، اور آم زرد رنگ کا ہوتا ہے، لمبوترا ہوتا ہے۔
رنگ، شکل اور سائز یہ سب "فیچرز" ہیں جو مشین کو اشیاء کے درمیان فرق کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

فیچرز کا انتخاب مشین لرننگ میں ایک نہایت نازک اور اہم کام ہوتا ہے۔کیونکہ اگر ہم غلط یا بے معنی فیچرز دیں تو مشین الجھن میں پڑ جائے گی اور غلط فیصلے کرے گی۔
بالکل جیسے اگر کوئی بچہ صرف وزن دیکھ کر کہے کہ یہ پتھر ہے یا کھلونا، تو وہ غلط اندازہ لگا سکتا ہے۔اسی لیے صحیح فیچرز کا انتخاب کامیاب مشین لرننگ کی بنیاد ہوتا ہے۔
آج کل کی جدید مشین لرننگ میں بعض اوقات خودکار طریقے سے بھی فیچرز نکالے جاتے ہیں، خاص طور پر "ڈیپ لرننگ" میں۔لیکن بنیادی مشین لرننگ میں یہ کام انسانوں کو خود کرنا پڑتا ہے۔جیسے ایک استاد بچے کو یہ بتاتا ہے کہ الف اور بے کی خاص نشانی کیا ہے۔

فیچرز کی مثالیں ہر جگہ ہیں۔چہرہ پہچاننے والے سسٹمز میں فیچرز ہوتے ہیں: آنکھوں کا فاصلہ، ناک کی لمبائی، ہونٹوں کی چوڑائی وغیرہ۔
فروٹ پہچاننے والے سسٹمز میں رنگ، خوشبو، ذائقہ، اور سائز فیچرز ہو سکتے ہیں۔
یاد رکھیں، فیچرز جتنے واضح، درست اور مفید ہوں گے، مشین کی سیکھنے کی صلاحیت اتنی ہی اچھی ہوگی۔کمزور فیچرز، کمزور سمجھ۔ مضبوط فیچرز، زبردست سمجھ!

آج کی قسط میں ہم نے سیکھا کہ فیچرز وہ خاص نشانیاں ہیں جن کی مدد سے مشین چیزوں میں فرق کرتی ہے اور صحیح فیصلے کرتی ہے۔

اگلی قسط میں ہم جانیں گے کہ "لیبل" کیا ہوتے ہیں اور ان کا مشین کی سیکھنے میں کیا کردار ہے۔
یہ تحریر اے آئی کی دنیا کے فیس بک پیج پر پوسٹ کی گئی ہے۔ اس کی تمام اقساط آپ (#AiKiDuniyaKidsSeries) ہیش ٹیگ پر کلک کر کے پڑھ سکتے ہیں۔

اس تحریر پر فیس بک پر تبصرہ کریں

مزید پڑھیں