جمعہ، 17 جولائی 2026
اے آئی کی دنیا

مصنوعی ذہانت کی خبریں، ٹولز اور معلومات

بچوں کے لیے

بچوں کے لیے اے آئی کی دنیا، قسط ۱۱

12 مئی 2025

بچوں کے لیے اے آئی کی دنیا، قسط ۱۱

(پینتیس اقساط پر مشتمل سریز جو بچوں اور نئے سیکھنے والوں کو انتہائی آسان انداز میں اے آئی کی دنیا سے متعارف کرائے گی)

قسط نمبر 10: لیبل کیا ہوتا ہے؟

پچھلی قسط میں ہم نے سمجھا کہ فیچرز یعنی خصوصیات کیسے مشینوں کو چیزوں کو پہچاننے میں مدد دیتے ہیں۔آج ہم ایک اور نہایت اہم جز پر بات کریں گے، جس کے بغیر مشین لرننگ کا سفر ادھورا ہے: لیبل۔

سوچیے کہ آپ کے سامنے کئی پھل رکھے ہیں۔
آپ نے ان کے رنگ، خوشبو اور سائز جیسی خصوصیات تو دیکھ لیں، مگر ابھی تک یہ معلوم نہیں کہ کون سا سیب ہے، کون سا آم، اور کون سا کیلا۔اب اگر کوئی آ کر ہر پھل کے ساتھ ایک چھوٹا سا کارڈ لگا دے جس پر لکھا ہو: "سیب"، "آم"، "کیلا" — تو اب آپ بغیر جھجک ہر پھل کو پہچان سکتے ہیں۔

یہی چھوٹے کارڈ دراصل مشین لرننگ میں لیبل کہلاتے ہیں۔
لیبل دراصل کسی چیز کی اصل شناخت ہوتا ہے۔

جب ہم مشین کو سکھاتے ہیں کہ "یہ تصویر بلی کی ہے" یا "یہ آواز کتے کی ہے"، تو ہم اس ڈیٹا کے ساتھ ایک لیبل بھی دیتے ہیں، جو بتاتا ہے کہ یہ کیا ہے۔
لیبل وہ سچائی ہے جس کی بنیاد پر مشین سیکھتی ہے کہ ہر فیچر کس چیز کی نمائندگی کرتا ہے۔سپر وائزڈ لرننگ میں لیبلز کی اہمیت سب سے زیادہ ہوتی ہے۔مشین ہر تصویر، آواز یا تحریر کو دیکھ کر اس کا لیبل سیکھتی ہے۔پھر وہ یہ کوشش کرتی ہے کہ نئے ڈیٹا پر بھی صحیح لیبل لگا سکے۔مثلاً اگر مشین نے ہزار تصاویر کے ساتھ سیکھا کہ بلی کی کیا نشانیاں ہیں اور لیبل بھی دیکھے، تو جب نئی تصویر آئے گی، تو وہ خود فیصلہ کرے گی کہ یہ بلی ہے یا کچھ اور۔
لیبل صحیح اور واضح ہوں تو مشین کی کارکردگی شاندار ہوتی ہے۔لیکن اگر لیبل غلط ہوں تو مشین غلط سیکھے گی۔بلکل ویسے ہی جیسے اگر استاد کسی تصویر پر "کتا" لکھ دے حالانکہ وہ بلی ہو، تو شاگرد غلط سیکھ جائے گا۔

لیبلنگ کا کام کبھی خودکار طریقے سے ہوتا ہے، لیکن زیادہ تر یہ انسانوں کو کرنا پڑتا ہے۔
ماہرین ہزاروں لاکھوں تصاویر، آوازوں اور تحریروں کو صحیح صحیح نام دیتے ہیں تاکہ مشینوں کی تربیت ہو سکے۔یہ ایک محنت طلب مگر انتہائی ضروری مرحلہ ہے۔

ڈیٹا سائنس میں لیبلنگ کو ایک الگ مہارت سمجھا جاتا ہے۔بہت سے لوگ صرف اس کام میں ماہر ہوتے ہیں کہ ڈیٹا کو صحیح طور پر لیبل کیسے کیا جائے تاکہ مشینوں کو صحیح راستے پر ڈالا جا سکے۔

آج کی قسط میں ہم نے جانا کہ لیبل مشینوں کے لیے وہ رہنما نشانیاں ہیں جن کی مدد سے وہ اپنی سیکھنے کی سمت طے کرتی ہیں۔

اگلی قسط میں ہم جانیں گے کہ جب ایک مشین ان سب معلومات کو سیکھ لیتی ہے تو وہ اپنا ایک "ماڈل" کیسے بناتی ہے۔
یہ تحریر اے آئی کی دنیا کے فیس بک پیج پر پوسٹ کی گئی ہے۔ اس کی تمام اقساط آپ (#AiKiDuniyaKidsSeries) ہیش ٹیگ پر کلک کر کے پڑھ سکتے ہیں۔

اس تحریر پر فیس بک پر تبصرہ کریں

مزید پڑھیں