جمعہ، 17 جولائی 2026
اے آئی کی دنیا

مصنوعی ذہانت کی خبریں، ٹولز اور معلومات

بچوں کے لیے

بچوں کے لیے اے آئی کی دنیا، قسط ۱۲

13 مئی 2025

بچوں کے لیے اے آئی کی دنیا، قسط ۱۲

(پینتیس اقساط پر مشتمل سریز جو بچوں اور نئے سیکھنے والوں کو انتہائی آسان انداز میں اے آئی کی دنیا سے متعارف کرائے گی)

قسط نمبر 11: ماڈل کیا ہوتا ہے؟

گزشتہ قسط میں ہم نے جانا کہ لیبل کیا ہوتے ہیں اور کیسے مشینوں کو سچائی بتانے کا کام کرتے ہیں۔آج ہم بات کریں گے ایک نہایت دلچسپ اور بنیادی سوال پر: ماڈل کیا ہوتا ہے؟

فرض کریں آپ نے سالوں کی محنت سے سیکڑوں پھولوں کی تصاویر دیکھی ہیں۔آپ نے رنگ، خوشبو، سائز اور شکل کے اعتبار سے ہر پھول کو پہچاننا سیکھ لیا ہے۔اب جب بھی کوئی نیا پھول آپ کے سامنے آتا ہے تو آپ بنا ہچکچائے بتا سکتے ہیں کہ یہ گلاب ہے، سورج مکھی ہے یا چنبیلی۔
آپ کی یہ صلاحیت کہ آپ پہلے دیکھے گئے پھولوں کی بنیاد پر نیا پھول پہچان سکیں — یہی آپ کا ماڈل ہے!

مشین لرننگ میں جب ایک مشین ڈیٹا، فیچرز اور لیبلز سے سیکھ چکتی ہے تو اس کے دماغ میں ایک اندرونی خاکہ یا نقشہ بن جاتا ہے۔
یہ نقشہ مشین کو یہ سمجھنے میں مدد دیتا ہے کہ نئی چیزوں کو کیسے پہچاننا ہے۔
اسی نقشے کو ہم "ماڈل" کہتے ہیں۔ماڈل دراصل سیکھے ہوئے اصولوں، تجربات اور مشاہدات کا مجموعہ ہوتا ہے۔جیسے کوئی بچہ جب الف، بے، پے سیکھ کر بغیر کتاب دیکھے الفاظ پڑھنے لگتا ہے،ایسے ہی مشین جب بغیر کسی نئی ہدایت کے چیزوں کو پہچاننے لگتی ہے تو درحقیقت وہ اپنا سیکھا ہوا "ماڈل" استعمال کر رہی ہوتی ہے۔

ایک اچھا ماڈل مشین کو درست اور تیز فیصلے کرنے کی طاقت دیتا ہے۔اگر ڈیٹا بہترین تھا، فیچرز درست تھے اور لیبل صحیح دیے گئے تھے تو ماڈل بھی زبردست بنے گا۔لیکن اگر سیکھنے کے دوران کہیں غلطی ہوئی ہو تو ماڈل بھی کمزور ہوگا،اور نئی چیزوں کو پہچاننے میں غلطیاں کرے گا۔مثال کے طور پر اگر ایک ماڈل انسانوں کی تصاویر دیکھ کر سیکھا ہے کہ مردوں کے بال چھوٹے اور عورتوں کے بال لمبے ہوتے ہیں،تو اگر کسی مرد نے لمبے بال رکھے ہوں تو ماڈل کو غلط فہمی ہو سکتی ہے۔اسی لیے سیکھنے کے دوران متنوع اور درست معلومات دینا بہت ضروری ہوتا ہے۔

ماڈل صرف ایک چیز کے لیے نہیں ہوتا۔کئی ماڈلز ایسے بھی ہوتے ہیں جو سینکڑوں مختلف چیزوں کو پہچان سکتے ہیں،جیسے "نیورل نیٹ ورکس" جو چہروں کی شناخت کرتے ہیں، یا "لینگویج ماڈلز" جو انسانوں کی طرح بات کرتے ہیں۔بعض اوقات ماڈل چھوٹے اور سادہ ہوتے ہیں،
جیسے ایک ماڈل صرف بتا سکتا ہے کہ یہ میل ہے یا فیمیل۔اور بعض اوقات بہت بڑے اور پیچیدہ ماڈلز ہوتے ہیں،جیسے "چیٹ جی پی ٹی" جو دنیا بھر کی معلومات کو سنبھالتے اور آپ سے گفتگو کرتے ہیں۔

آج کی قسط میں ہم نے سیکھا کہ ماڈل مشین کا وہ سیکھا ہوا دماغ ہے جس کی مدد سے وہ نئی چیزوں کو پہچانتی ہے، فیصلے کرتی ہے اور سیکھے ہوئے علم کو استعمال میں لاتی ہے۔
اگلی قسط میں ہم جانیں گے کہ ماڈل کی تربیت یعنی ٹریننگ کیسے ہوتی ہے اور کیوں یہ مرحلہ اتنا اہم ہے۔
یہ تحریر اے آئی کی دنیا کے فیس بک پیج پر پوسٹ کی گئی ہے۔ اس کی تمام اقساط آپ (#AiKiDuniyaKidsSeries) ہیش ٹیگ پر کلک کر کے پڑھ سکتے ہیں۔

اس تحریر پر فیس بک پر تبصرہ کریں

مزید پڑھیں