ہفتہ، 18 جولائی 2026
اے آئی کی دنیا

مصنوعی ذہانت کی خبریں، ٹولز اور معلومات

بچوں کے لیے

بچوں کے لیے اے آئی کی دنیا، قسط ۱۳

14 مئی 2025

بچوں کے لیے اے آئی کی دنیا، قسط ۱۳

(پینتیس اقساط پر مشتمل سریز جو بچوں اور نئے سیکھنے والوں کو انتہائی آسان انداز میں اے آئی کی دنیا سے متعارف کرائے گی)

قسط نمبر 12: ٹریننگ کیا ہوتی ہے؟

گزشتہ قسط میں ہم نے جانا کہ ماڈل کیا ہوتا ہے اور کیسے مشینیں اپنے سیکھے ہوئے تجربے کی بنیاد پر نئی چیزوں کو پہچانتی ہیں۔آج ہم بات کریں گے ایک ایسے عمل پر جو کسی بھی ماڈل کی کامیابی کی بنیاد ہوتا ہے: ٹریننگ۔

سوچیے آپ نے پہلی بار سائیکل چلانے کی کوشش کی۔
کیا آپ ایک ہی دن میں ماہر ہو گئے تھے؟
یقیناً نہیں۔
آپ نے بار بار گر کر، دوبارہ اٹھ کر، پاؤں کے توازن کو سنبھال کر اور ہاتھوں سے ہینڈل پکڑ کر خود کو بہتر کیا۔ یہ سارا عمل ، بار بار کی مشق، غلطیوں سے سیکھنا اور ہر دن بہتر ہونا ٹریننگ کہلاتا ہے۔بالکل ایسے ہی جب ہم مشین کو سیکھنے کے لیے ڈیٹا دیتے ہیں تو ہم اسے ایک دفعہ میں سب کچھ نہیں سکھا سکتے۔

مشین کو بھی بار بار معلومات دکھائی جاتی ہے، اس کی کارکردگی کو پرکھا جاتا ہے، اور اسے اپنی غلطیوں سے سبق سیکھنے کا موقع دیا جاتا ہے۔
یہی مشین کی ٹریننگ کا مرحلہ ہوتا ہے۔

ٹریننگ کے دوران مشین ہر مثال سے سیکھتی ہے۔مثلاً اگر اسے ایک ہزار پھولوں کی تصویریں دی جائیں، اور ہر تصویر کے ساتھ صحیح لیبل ہو، تو مشین ہر تصویر کو دیکھ کر اپنے دماغ میں ایک خاکہ بناتی ہے۔
پہلی بار وہ غلط بھی پہچان سکتی ہے، مگر جوں جوں زیادہ تصویریں دیکھتی ہے، اس کی پہچان بہتر ہوتی جاتی ہے۔
ٹریننگ کے دوران ایک خاص عمل بار بار دہرایا جاتا ہے:
• مشین ڈیٹا دیکھتی ہے۔
• اندازہ لگاتی ہے کہ یہ کیا ہے۔
• اصل جواب سے اپنی پیش گوئی کا موازنہ کرتی ہے۔
• اگر غلطی ہو تو اپنے اندازے کو درست کرنے کی کوشش کرتی ہے۔
• دوبارہ کوشش کرتی ہے۔

یہ عمل ایک دائرے کی طرح بار بار چلتا رہتا ہے جب تک کہ مشین کے اندازے درست اور اعتماد کے ساتھ نہ ہونے لگیں۔اسی کو ہم مشین کی "ٹریننگ" کہتے ہیں۔

ٹریننگ میں ایک اور چیز بھی اہم ہوتی ہے: ٹریننگ سائیکلز یا ایرا۔
یہ وہ چکر ہوتے ہیں جن میں مشین مکمل ڈیٹا کو بار بار دیکھتی ہے اور ہر بار اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کی کوشش کرتی ہے۔جیسے ایک کھلاڑی روزانہ گھنٹوں کی مشق کر کے بہتر ہوتا ہے، ویسے ہی مشین بھی وقت اور محنت کے ساتھ سیکھتی ہے۔
ٹریننگ جتنی اچھی ہوگی، ماڈل اتنا ہی ہوشیار اور درست ہوگا۔
لیکن اگر مشین کو غلط ڈیٹا دیا جائے، یا تربیت میں لاپرواہی برتی جائے، تو ماڈل بھی کمزور اور غلط فہم ہو جائے گا۔اسی لیے ڈیٹا کی صفائی، فیچرز کا درست انتخاب، اور لیبلز کی درستگی ٹریننگ کے کامیاب ہونے کے لیے ضروری شرائط ہیں۔

آج کی قسط میں ہم نے سیکھا کہ ٹریننگ مشین کو ایک ہوشیار ماڈل بنانے کا وہ عمل ہے جس میں وہ تجربات سے سیکھتی ہے، اپنی غلطیوں کو ٹھیک کرتی ہے اور ہر دن بہتر ہوتی جاتی ہے۔اگلی قسط میں ہم جانیں گے کہ جب ٹریننگ مکمل ہو جاتی ہے تو مشین کو کیسے پرکھا جاتا ہے — یعنی "ٹیسٹنگ" کیا ہوتی ہے؟
یہ تحریر اے آئی کی دنیا کے فیس بک پیج پر پوسٹ کی گئی ہے۔ اس کی تمام اقساط آپ (#AiKiDuniyaKidsSeries) ہیش ٹیگ پر کلک کر کے پڑھ سکتے ہیں۔

اس تحریر پر فیس بک پر تبصرہ کریں

مزید پڑھیں