جمعہ، 17 جولائی 2026
اے آئی کی دنیا

مصنوعی ذہانت کی خبریں، ٹولز اور معلومات

بچوں کے لیے

بچوں کے لیے اے آئی کی دنیا، قسط ۱۵

16 مئی 2025

بچوں کے لیے اے آئی کی دنیا، قسط ۱۵

(پینتیس اقساط پر مشتمل سریز جو بچوں اور نئے سیکھنے والوں کو انتہائی آسان انداز میں اے آئی کی دنیا سے متعارف کرائے گی)

قسط نمبر 14: اوور فٹنگ کیا ہے؟

پچھلی قسط میں ہم نے دیکھا کہ جب مشین سیکھ لیتی ہے تو اسے "ٹیسٹنگ" کے مرحلے سے گزارا جاتا ہے تاکہ یہ جانا جا سکے کہ اس نے صرف یاد کیا ہے یا واقعی سمجھا بھی ہے۔

آج ہم ایک نہایت دلچسپ مگر تھوڑا سا مشکل مسئلہ سمجھنے جا رہے ہیں، جسے کہتے ہیں: اوور فٹنگ۔
چلیے اسے ایک کہانی سے شروع کرتے ہیں۔

ایک دن استاد نے شاگرد کو ایک مضموں یاد کرنے کو کہا۔شاگرد نے مضمون اس قدر زبانی یاد کیا کہ فر فر سنا دیا ۔مگر جب استاد نے کہا، "اسی موضوع پر خود سے ایک نیا مضمون بنا کر سناؤ، تو شاگرد خاموش ہو گیا۔کیونکہ وہ صرف الفاظ یاد کر پایا تھا، مطلب نہیں سمجھ پایا تھا۔
یہی ہے "اوور فٹنگ"۔

مشین لرننگ میں بھی ایسا ہوتا ہے۔

اگر مشین کو ایک ڈیٹا سیٹ بہت بار دکھایا جائے، اور وہ ہر مثال کو ایسے یاد کر لے جیسے کسی طالبعلم نے سبق رٹا ہو،تو جب اسے کوئی نیا ڈیٹا دیا جائے تو وہ الجھ جاتی ہے۔کیونکہ اس نے سیکھا نہیں ہوتا، صرف یاد کیا ہوتا ہے۔

اوور فٹنگ کا مطلب ہے کہ ماڈل صرف ٹریننگ ڈیٹا میں اتنا ماہر ہو جائے کہ وہ ہر مثال کو لفظ بہ لفظ سمجھنے لگے،لیکن اصل دنیا کے نئے حالات میں فیل ہو جائے۔یعنی مشین نے وہ مخصوص تصویریں پہچاننی سیکھ لیں، لیکن جب ذرا مختلف تصویر آئی تو سمجھ نہ پائی۔

یہ مسئلہ عام طور پر تب ہوتا ہے جب ڈیٹا بہت کم ہو، ماڈل بہت پیچیدہ ہو، یا سیکھنے کا عمل حد سے زیادہ چلا دیا جائے۔ بلکل ویسے ہی جیسے اگر بچہ صرف پرانے سوالات یاد کرے اور نئے سوال دیکھ کر گھبرا جائے۔

اوور فٹنگ کی نشانی یہ ہوتی ہے کہ مشین "ٹریننگ" پر بہت اچھا کام کرتی ہے،لیکن "ٹیسٹنگ" پر اس کی کارکردگی خراب ہو جاتی ہے۔جیسے ایک طالبعلم مشقوں میں نمبر پورے لیتا ہے، مگر اصل امتحان میں کمزور نکلتا ہے۔

اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے ماہرین کئی طریقے استعمال کرتے ہیں:
• زیادہ ڈیٹا دیا جائے
• سادہ ماڈل منتخب کیا جائے
• "ریگولرائزیشن" جیسے تکنیکی طریقے اپنائے جائیں
• یا "کراس ویلڈیشن" سے ٹریننگ اور ٹیسٹنگ کا توازن بہتر بنایا جائے

ہم یہاں ان تکنیکی الفاظ میں نہیں الجھیں گے،بلکہ صرف یہ سمجھیں گے کہ سیکھنے کا مقصد صرف یاد کرنا نہیں ہوتا۔اصل علم وہ ہوتا ہے جو نئے سوالات کا جواب بھی دے سکے۔

آج کی قسط میں ہم نے سیکھا کہ "اوور فٹنگ" وہ کیفیت ہے جب مشین بہت زیادہ یاد کر کے سمجھنے کی صلاحیت کھو دیتی ہے۔اگلی قسط میں ہم دیکھیں گے اس کا الٹ، جب مشین کچھ خاص سیکھ ہی نہیں پاتی یعنی انڈر فٹنگ۔
یہ تحریر اے آئی کی دنیا کے فیس بک پیج پر پوسٹ کی گئی ہے۔ اس کی تمام اقساط آپ (#AiKiDuniyaKidsSeries) ہیش ٹیگ پر کلک کر کے پڑھ سکتے ہیں۔

اس تحریر پر فیس بک پر تبصرہ کریں

مزید پڑھیں