جمعہ، 17 جولائی 2026
اے آئی کی دنیا

مصنوعی ذہانت کی خبریں، ٹولز اور معلومات

بچوں کے لیے

بچوں کے لیے اے آئی کی دنیا، قسط ۱۹

21 مئی 2025

بچوں کے لیے اے آئی کی دنیا، قسط ۱۹

(پینتیس اقساط پر مشتمل سریز جو بچوں اور نئے سیکھنے والوں کو انتہائی آسان انداز میں اے آئی کی دنیا سے متعارف کرائے گی)

قسط نمبر 18: ایک لیئر کیا ہوتی ہے؟

گزشتہ قسط میں ہم نے جانا کہ نیورون کیا ہوتا ہے اور وہ کیسے معلومات لے کر فیصلہ کرتا ہے۔
آج ہم اس نیورون کو ایک ترتیب میں رکھ کر سمجھیں گے، یعنی بات کریں گے لیئر کی ،
وہ پرت یا صف جو نیورل نیٹ ورک کو "نیٹ ورک" بناتی ہے۔

چلیے پہلے ایک آسان تصور سے شروعات کرتے ہیں۔

فرض کریں آپ ایک بڑی تصویر کو پہچاننے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن اکیلے نہیں۔
آپ نے اپنے دس دوستوں کو بلایا اور سب کو الگ الگ کام دیا
کسی کو رنگ پہچاننا، کسی کو کنارے، کسی کو شکل، اور کسی کو سائز۔
ہر دوست اپنے حصے کا کام کرتا ہے اور پھر آپ سب کی رائے ملا کر فیصلہ کرتے ہیں۔
یہ جو دس دوست ایک ہی وقت میں اپنا کام کر رہے ہیں ،یہ ہے ایک لیئر۔
نیورل نیٹ ورک میں لیئر دراصل نیورونز کا ایک ایسا گروپ ہوتا ہے جو ایک ساتھ کام کرتا ہے۔
ہر لیئر میں کئی نیورون ہوتے ہیں،
ہر ایک کو مختلف ان پٹ ملتے ہیں، وہ اپنا الگ فیصلہ کرتے ہیں، اور پھر وہ فیصلے اگلی لیئر کو بھیجے جاتے ہیں۔

عمومی طور پر نیورل نیٹ ورک میں تین قسم کی لیئرز ہوتی ہیں
1. انپٹ لیئر
جہاں سے ڈیٹا آتا ہے ،جیسے کسی تصویر کے پکسل، کسی آواز کی لہریں، یا کسی جملے کے الفاظ۔
یہ لیئر نیورل نیٹ ورک کا پہلا دروازہ ہوتی ہے۔
2. ہِڈن لیئرز
یہ درمیان کی وہ لیئرز ہوتی ہیں جہاں اصل "کام" ہوتا ہے ،حساب، فیصلے، فیچرز کی تلاش، پیچیدہ تعلقات کا اندازہ۔
جتنی زیادہ ہِڈن لیئرز ہوں، اتنا زیادہ نیٹ ورک "گہرا" (ڈیپ) اور ہوشیار ہوتا ہے۔
3. آؤٹ پٹ لیئر
یہاں نیٹ ورک کا آخری فیصلہ ظاہر ہوتا ہے ،مثلاً "یہ تصویر بلی کی ہے" یا "یہ آواز گاڑی کی ہے"۔
ہر لیئر میں موجود نیورونز نہ صرف اپنی اپنی سوچ رکھتے ہیں بلکہ ان کے درمیان روابط (connections) بھی ہوتے ہیں۔
یہ روابط ایک لیئر سے دوسری لیئر تک معلومات پہنچاتے ہیں اور نیورل نیٹ ورک کی اصل طاقت بنتے ہیں۔
اب ذرا سوچیے،
اگر صرف ایک نیورون ہو، تو وہ صرف ایک چھوٹا فیصلہ لے سکتا ہے۔
لیکن جب سیکڑوں نیورونز ایک ساتھ کام کریں، اور وہ کئی لیئرز میں جُڑے ہوں،
تو یہ نیٹ ورک ایک ذہین مشین میں بدل جاتا ہے ،جو آواز، تصویر، زبان، حرکت اور یہاں تک کہ جذبات کو بھی سمجھ سکتی ہے۔

لیئرز جتنی گہری ہوں، نیورل نیٹ ورک اتنا زیادہ "ڈیپ لرننگ" والا بن جاتا ہے۔
اسی لیے آج کل کے طاقتور سسٹمز میں درجنوں، کبھی کبھار سینکڑوں لیئرز بھی ہوتی ہیں!
لیکن یاد رکھیں، زیادہ لیئرز کا مطلب ہے زیادہ طاقت،لیکن ساتھ ہی زیادہ پیچیدگی، زیادہ ڈیٹا، اور زیادہ کمپیوٹنگ پاور کی ضرورت۔

آج کی قسط میں ہم نے سیکھا کہ ایک "لیئر" نیورونز کا وہ گروپ ہے جو مشین کو معلومات سمجھنے، چھاننے اور آگے بڑھانے میں مدد دیتا ہے۔
یہ لیئرز مل کر نیٹ ورک کی سوچ کو گہرائی دیتی ہیں ،اور مشین کو صرف سننے اور دیکھنے کے بجائے "سمجھنے" کے قابل بناتی ہیں۔

اگلی قسط میں ہم بات کریں گے: ڈیپ لرننگ کیا ہوتی ہے؟
اور کیسے یہی لیئرز مل کر ایک مشین کو انسان جیسی ذہانت عطا کرتی ہیں۔
یہ تحریر اے آئی کی دنیا کے فیس بک پیج پر پوسٹ کی گئی ہے۔ اس کی تمام اقساط آپ (#AiKiDuniyaKidsSeries) ہیش ٹیگ پر کلک کر کے پڑھ سکتے ہیں۔

اس تحریر پر فیس بک پر تبصرہ کریں

مزید پڑھیں