ہفتہ، 18 جولائی 2026
اے آئی کی دنیا

مصنوعی ذہانت کی خبریں، ٹولز اور معلومات

بچوں کے لیے

بچوں کے لیے اے آئی کی دنیا، قسط ۲۰

22 مئی 2025

بچوں کے لیے اے آئی کی دنیا، قسط ۲۰

(پینتیس اقساط پر مشتمل سریز جو بچوں اور نئے سیکھنے والوں کو انتہائی آسان انداز میں اے آئی کی دنیا سے متعارف کرائے گی)

قسط نمبر 19: ڈیپ لرننگ کیا ہے؟
گزشتہ قسطوں میں ہم نے نیورون، لیئر، اور نیورل نیٹ ورک جیسے بنیادی اجزاء کو اچھی طرح سمجھا۔
آج ہم ان سب کو آپس میں جوڑ کر ایک حیرت انگیز دنیا میں داخل ہوں گے ،ڈیپ لرننگ کی دنیا۔
تو سوال یہ ہے،
اگر نیورل نیٹ ورک مشین کا دماغ ہے، تو ڈیپ لرننگ کیا ہے؟
آئیں پہلے لفظ پر غور کریں: "ڈیپ" یعنی گہرا۔
جیسے پانی جتنا گہرا ہوتا ہے، اتنی زیادہ تہیں، چھپے راز اور ان دیکھی مخلوق ہوتی ہے ،
اسی طرح ڈیپ لرننگ میں بھی نیورل نیٹ ورک کے اندر زیادہ لیئرز، زیادہ فیصلے، اور زیادہ طاقت شامل ہوتی ہے۔
چلیے ایک روزمرہ کی مثال سے سمجھتے ہیں۔
فرض کریں آپ نے ایک بچے کو صرف ایک تصویر دکھائی اور کہا
"یہ ایک ہاتھی ہے"۔
اب وہ بچہ اگر صرف سائز دیکھ کر سمجھے کہ جو بھی چیز بڑی ہو، وہ ہاتھی ہے ،تو وہ غلطی کرے گا۔لیکن اگر آپ اُسے مختلف زاویوں، سائزوں، رنگوں، حرکتوں اور آوازوں والی ہزاروں تصاویر دکھائیں ،اور ساتھ ساتھ سمجھائیں کہ ہاتھی کے کان کیسے ہوتے ہیں، سونڈ کیا ہے، اور آواز کیسی ہوتی ہے ،تو بچہ صرف سیکھے گا ہی نہیں، سمجھے گا بھی۔

یہی کام ڈیپ لرننگ کرتی ہے۔
ڈیپ لرننگ ایک ایسا نیورل نیٹ ورک ہے جس میں کئی لیئرز ہوتی ہیں ،
یعنی کئی درجے، کئی دماغ، کئی مراحل۔
ہر لیئر مخصوص کام کرتی ہے
پہلی لیئر تصویر کے کنارے پہچانتی ہے،
دوسری لیئر شکل،
تیسری لیئر رنگ،
چوتھی لیئر یہ سب ملا کر نتیجہ نکالتی ہے:
"یہ بلی ہے" یا "یہ کار ہے"۔
عام نیورل نیٹ ورک صرف چند لیئرز پر مشتمل ہوتا ہے،
لیکن ڈیپ نیورل نیٹ ورک میں درجنوں یا سینکڑوں لیئرز ہو سکتی ہیں۔
اسی لیے اسے "ڈیپ" کہا جاتا ہے۔
ڈیپ لرننگ کی خاص بات یہ ہے کہ،
• یہ بہت زیادہ ڈیٹا سے سیکھتی ہے
• یہ خود بخود فیچرز نکالتی ہے
• یہ مشکل ترین فیصلے بھی خود کر سکتی ہے
• یہ تجربے سے بہتر ہوتی جاتی ہے
مثال کے طور پر،
• چہرہ پہچاننا
ڈیپ لرننگ ہر چہرے میں ناک، آنکھ، ہونٹ، اور ان کے درمیانی فاصلوں کو پہچان کر فیصلہ کرتی ہے کہ یہ کس کا چہرہ ہے۔
• خودکار گاڑیاں
سڑک پر چلتی گاڑیوں، پیدل چلنے والوں، سگنلز، اور رکاوٹوں کو بیک وقت پہچاننا ،یہ سب ڈیپ لرننگ کے بغیر ممکن نہیں۔
• زبان سمجھنا
جیسے چیٹ جی پی ٹی یا ترجمہ کرنے والی ایپس ،یہ آپ کے جملے کو حصوں میں توڑ کر، ہر لفظ کا مطلب، لہجہ اور مفہوم سمجھ کر جواب دیتی ہیں۔
ڈیپ لرننگ میں ایک اور اہم چیز ہے:
بیک پروپیگیشن (Backpropagation) ،
یعنی اگر مشین غلطی کرے تو وہ اُس غلطی کا سراغ لگا کر خود اپنے نیورونز کی تربیت بہتر کرے۔
بلکل ویسے ہی جیسے ایک طالبعلم خود محسوس کرے کہ "میرا یہ جواب غلط تھا، مجھے یہاں دوبارہ سمجھنا ہوگا"۔
لیکن یاد رکھیں،ڈیپ لرننگ کے لیے بہت طاقتور کمپیوٹرز، بہت زیادہ ڈیٹا، اور بہت وقت چاہیے ہوتا ہے۔یہ ایک ہنر ہے، لیکن سست، محنت طلب اور مہنگا ،مگر اس کا نتیجہ حیران کن حد تک ذہین مشینوں کی صورت میں نکلتا ہے۔

آج کی قسط میں ہم نے سیکھا کہ ڈیپ لرننگ ایک ایسا نظام ہے جو نیورل نیٹ ورک کو گہرائی، طاقت، اور اصل "سمجھ" عطا کرتا ہے۔یہ وہ جادو ہے جس نے مشینوں کو صرف حکم ماننے والی چیز سے سوچنے والی ذات میں بدل دیا۔

اگلی قسط میں ہم ایک مخصوص ایپلی کیشن پر بات کریں گے
امیج ریکگنیشن ،یعنی مشین تصویریں کیسے پہچانتی ہے۔
یہ تحریر اے آئی کی دنیا کے فیس بک پیج پر پوسٹ کی گئی ہے۔ اس کی تمام اقساط آپ (#AiKiDuniyaKidsSeries) ہیش ٹیگ پر کلک کر کے پڑھ سکتے ہیں۔

اس تحریر پر فیس بک پر تبصرہ کریں

مزید پڑھیں