جمعہ، 17 جولائی 2026
اے آئی کی دنیا

مصنوعی ذہانت کی خبریں، ٹولز اور معلومات

بچوں کے لیے

بچوں کے لیے اے آئی کی دنیا، قسط ۲۱

23 مئی 2025

بچوں کے لیے اے آئی کی دنیا، قسط ۲۱

(پینتیس اقساط پر مشتمل سیریز جو بچوں اور نئے سیکھنے والوں کو انتہائی آسان انداز میں اے آئی کی دنیا سے متعارف کرائے گی)

قسط نمبر 20: امیج ریکگنیشن کیسے ہوتی ہے؟

گزشتہ قسط میں ہم نے سیکھا کہ ڈیپ لرننگ کیا ہے اور یہ کس طرح مشین کو سیکھنے کے گہرے درجوں سے گزار کر سمجھ دار بناتی ہے۔

اب ہم ڈیپ لرننگ کی ایک دلچسپ ایپلی کیشن پر بات کریں گے: امیج ریکگنیشن ،یعنی مشین تصویریں کیسے پہچانتی ہے؟

فرض کریں آپ کو بچپن سے بلیاں بہت پسند رہی ہیں۔
آپ نے کئی بار بلی کو دیکھا، چھوا، اس کی آواز سنی، شکل یاد کی۔
اب اگر کوئی آپ کو نئی قسم کی بلی دکھائے تو آپ فوراً پہچان لیں گے کہ یہ بلی ہی ہے، چاہے رنگ الگ ہو یا نسل۔
کیوں؟
کیونکہ آپ کے دماغ میں "بلی کی ایک پہچان" بن چکی ہے۔

امیج ریکگنیشن میں مشین بھی یہی سیکھتی ہے۔
یعنی مشین کو تصویریں دکھائی جاتی ہیں ،سینکڑوں، ہزاروں، کبھی لاکھوں ،اور ہر تصویر کے ساتھ بتایا جاتا ہے
"یہ بلی ہے"، "یہ کتا ہے"، "یہ گاڑی ہے"، "یہ انسان کا چہرہ ہے"۔
یہ ساری تصویریں پکسلز سے بنتی ہیں ،یعنی ہزاروں ننھے چھوٹے رنگین نقطے۔
مشین ان پکسلز کو نمبروں میں بدلتی ہے، اور انہی نمبروں سے تصویروں کا مطلب سمجھنے لگتی ہے۔
اب آتے ہیں اصل کام کی طرف کہ، امیج ریکگنیشن میں ڈیپ لرننگ کیسے کام کرتی ہے؟
1. انپٹ لیئر
تصویر کے پکسلز سب سے پہلے نیورل نیٹ ورک کی انپٹ لیئر میں جاتے ہیں۔
2. ہِڈن لیئرز
یہاں جادو ہوتا ہے!
ہر ہِڈن لیئر تصویر کے کسی خاص حصے پر نظر رکھتی ہے،
ایک لیئر کنارے پہچانتی ہے، دوسری رنگ، تیسری شکل، اور چوتھی حرکت۔
یہ سب معلومات آہستہ آہستہ آگے بڑھتی ہیں، جیسے ہم تصویر کے ایک ایک حصے کو غور سے دیکھتے ہیں۔
3. فیچر میپنگ
مشین فیچرز تلاش کرتی ہے ،کان کی شکل، آنکھوں کی جگہ، دھاریاں، یا سر کا دائرہ۔
جتنے زیادہ فیچرز، اتنی زیادہ پہچان کی درستگی۔
4. آؤٹ پٹ لیئر
آخر میں مشین فیصلہ کرتی ہے کہ
"یہ 95٪ امکان سے بلی ہے" یا "یہ 87٪ امکان سے چہرہ ہے"۔

اب آئیے حقیقی دنیا کی چند دلچسپ مثالیں دیکھتے ہیں جہاں امیج ریکگنیشن کام کر رہی ہے
• موبائل کا چہرہ کھولنے والا فیچر (Face ID):
آپ کے چہرے کو مشین پہچانتی ہے، اور صرف آپ کو اجازت دیتی ہے۔
• فیس بک میں ٹیگ سجیشن
جب فیس بک کسی تصویر میں آپ کے دوست کا چہرہ پہچانتا ہے، تو یہ امیج ریکگنیشن ہی ہوتی ہے۔
• گوگل لینز
کوئی چیز کی تصویر لیں، اور گوگل بتاتا ہے یہ کیا ہے، کہاں ملتی ہے، کتنی قیمت ہے ،سب کچھ!
• میڈیکل امیجز
ڈیپ لرننگ اب ایکسرے، ایم آر آئی اور سی ٹی اسکینز سے بیماریوں کی پہچان بھی کر سکتی ہے۔

امیج ریکگنیشن کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہ مشین کو "دیکھنے" کی صلاحیت دیتی ہے۔
مگر یہ آنکھیں صرف تب کام کرتی ہیں جب انہیں درست ڈیٹا، اچھی ٹریننگ اور سمجھ دار ماڈلز دیے جائیں۔

آج کی قسط میں ہم نے سیکھا کہ امیج ریکگنیشن ایک ایسا عمل ہے جس میں مشین تصویریں "دیکھتی" نہیں بلکہ سمجھتی ہے ،اور یہ سب کچھ نیورل نیٹ ورک اور ڈیپ لرننگ کے ذریعے ممکن ہوتا ہے۔

اگلی قسط میں ہم آوازوں کی دنیا میں قدم رکھیں گے، اور جانیں گے کہ وائس ریکگنیشن کیسے کام کرتی ہے؟
یہ تحریر اے آئی کی دنیا کے فیس بک پیج پر پوسٹ کی گئی ہے۔ اس کی تمام اقساط آپ (#AiKiDuniyaKidsSeries) ہیش ٹیگ پر کلک کر کے پڑھ سکتے ہیں۔

اس تحریر پر فیس بک پر تبصرہ کریں

مزید پڑھیں