کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ مشینیں کیسے سیکھتی ہیں؟ کیا واقعی روبوٹس سن سکتے ہیں؟ مشینیں تصویریں کیسے پہچانتی ہیں؟
اور یہ مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) آخر ہے کیا بلا؟
یہ سوالات صرف بڑوں کے لیے نہیں، بلکہ ہمارے بچوں کے ذہنوں میں بھی ابھرنے لگے ہیں۔ کیونکہ ہم ایک ایسی دنیا میں جی رہے ہیں جہاں AI صرف ایک ٹیکنالوجی نہیں، بلکہ ہمارے روزمرہ کے فیصلوں، سہولتوں، اور مستقبل کے خوابوں کا حصہ بن چکی ہے۔
اسی لیے ہم لے کر آ رہے ہیں: "بچوں کے لیے اے آئی کی دنیا" – ایک منفرد اور مفت تعلیمی سیریز جو مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ جیسے جدید موضوعات کو نہایت آسان، دلچسپ اور دوستانہ انداز میں بیان کرے گی۔ یہ سیریز خاص طور پر بچوں، نو آموز سیکھنے والوں، والدین، اساتذہ اور اُن تمام لوگوں کے لیے ہے جو علم کو خشک اور مشکل نہیں، بلکہ خوشبو اور کہانی کی صورت میں سمجھنا چاہتے ہیں۔
ہم اس سفر میں آغاز کریں گے بہت بنیادی سوالات سے: مصنوعی ذہانت کیا ہوتی ہے؟ کیا کمپیوٹر سیکھ سکتے ہیں؟ پھر ہم آہستہ آہستہ آگے بڑھیں گے اور دیکھیں گے کہ مشینیں ڈیٹا کو کیسے سمجھتی ہیں، ماڈلز کیسے بنتے ہیں، اور ایک مشین کو ہوشیار بنانے کے لیے کن مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔ ہم یہ بھی جانیں گے کہ مشینیں تصویریں کیسے پہچانتی ہیں، آوازیں کیسے سنتی ہیں، اور خود سے سیکھنے کے قابل کیسے بنتی ہیں۔
یہ سفر صرف معلوماتی نہیں بلکہ تخلیقی بھی ہوگا۔ ہم قصے سنائیں گے، مثالیں دیں گے، تصویریں استعمال کریں گے، اور ہر قسط میں کچھ نیا، کچھ دلچسپ سیکھیں گے۔ اس کا مقصد یہ نہیں کہ صرف بڑے الفاظ یاد کیے جائیں، بلکہ یہ کہ بچے اور سیکھنے والے خود اس علم کو محسوس کریں، اسے اپنی روزمرہ کی زندگی سے جوڑیں، اور یہ جانیں کہ سائنس کوئی دور دراز، مشکل چیز نہیں، بلکہ ہمارے گردوپیش کی خوبصورتی کا ایک حصہ ہے۔
ہم چاہتے ہیں کہ جب آپ مشین لرننگ یا مصنوعی ذہانت جیسے الفاظ سنیں، تو وہ آپ کے لیے اجنبی نہ ہوں۔ بلکہ وہ ایک ایسی کہانی بن جائیں جس کے کردار، مناظر اور سبق آپ کے دل کے قریب ہوں۔ اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ علم صرف رٹنے کے لیے نہیں، بلکہ جذب کرنے کے لیے ہو – ایسا علم جو روشنی بنے، اور جو بچوں کے اندر تحقیق، تخلیق اور سوچنے کا جذبہ جگائے۔
یہ تعلیمی سیریز بہت جلد شروع ہونے والی ہے۔ ہم کوشش کریں گے کہ انتہائی آسان زبان میں روزانہ کم از کم ایک قسط ایک ٹاپک پر پیش کریں اور ایک ایسی ترتیب میں کہ آخر میں آپ کو پتہ چلے کہ واقعی میں آپ (بچے یا نئے سیکھنے والے) کچھ نیا سیکھ چکے ہیں۔ ہم آپ کو دعوت دیتے ہیں کہ اس خوبصورت علمی سفر کا حصہ بنیے، اور اپنے بچوں کو مستقبل کی زبان سکھانے میں ہمارا ساتھ دیجیے۔(یعنی ان اقساط کو اپنے بچوں کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر شیر کریں، ان سے سوال جواب کریں) پہلی قسط کے ساتھ ملاقات جلد ہو گی۔
یہ تحریر اے آئی کی دنیا کے فیس بک پیج پر پوسٹ کی گئی ہے۔ اس کی تمام اقساط آپ (#AiKiDuniyaKidsSeries) ہیش ٹیگ پر کلک کر کے پڑھ سکیں گے۔