اوپن اے آئی (جی وہی چیٹ جی پی ٹی کی کمپنی)نے حال ہی میں ایک غیرمعمولی گائیڈ پبلش کی ہے جس کا نام ہے "A Practical Guide to Building Agents"۔ یہ ان لوگوں کے لیے پبلش کی گئی ہے جو ذہین، اے آئی ایجنٹس بنانے کے خواب کو حقیقت میں بدلنا چاہتے ہیں۔ اس کا پہلا حصہ پوسٹ کیا تھا (لنک کمنٹ میں) ۔ اب باری ہے اصل طریقہ سمجھنے کی کہ ایجنٹ بنتا کیسے ہے؟ اگر آپ ڈیویلپر نہیں بھی ہیں، تب بھی ہم کوشش کریں گے کہ بات آپ تک پوری اور آسان انداز میں پہنچے۔
اے آئی ایجنٹس کے بارے میں ہم پہلے ہی جان چکے ہیں کہ یہ محض چیٹ بوٹس نہیں ہوتے بلکہ ایسے خودمختار سسٹم ہوتے ہیں جو کام کو خود مکمل کرتے ہیں۔ اب سوال یہ ہے: ایک ایسا ایجنٹ بنتا کیسے ہے جو صارف سے بات کرے، سمجھ کر کوئی ٹول استعمال کرے، اور پھر کوئی حقیقی کام مکمل کرے؟
ایجنٹ کی تشکیل محض "ماڈل" کو استعمال کرنے کا نام نہیں، بلکہ یہ ایک مکمل نظام ہوتا ہے جس میں کئی حصے آپس میں جُڑے ہوتے ہیں اور ہم آہنگی سے کام کرتے ہیں۔ چلیں اب ہم مرحلہ وار یہ سیکھتے ہیں کہ ایک مکمل ایجنٹ بنتا کیسے ہے۔
مسئلہ کیا ہےاور ایجنٹ کی لمٹ کا تعین پہلا مرحلہ ہے جس میں سب سے پہلے آپ کو یہ فیصلہ کرنا ہوتا ہے کہ ایجنٹ کیا کرے گا اور کیا نہیں کرے گا۔ مثلاً:
• کیا یہ ایجنٹ صرف صارف کے سوالات کا جواب دے گا؟
• کیا یہ مختلف ویب APIs کو کال کرے گا؟
• کیا یہ فائل بنائے گا، ای میل بھیجے گا یا صرف ڈیٹا نکالے گا؟
ایجنٹ کی حدود جتنی واضح ہوں گی، آپ کا کوڈ اتنا ہی سادہ اور قابلِ اعتماد ہوگا۔
مناسب ماڈل کا انتخاب وہ دوسرا مرحلہ ہے جس میں ہم یہ طے کرتے ہیں کہ ایجنٹ کے "دماغ" کے طور پر کون سا لینگوئج ماڈل استعمال کیا جائے۔ یہاں ایک اہم نکتہ یہ ہے کہ:
• ہر کام کے لیے سب سے بہترین اور مہنگا ماڈل استعمال کرنا ضروری نہیں۔
• کچھ کام جیسے صرف ڈیٹا نکالنا چھوٹے اور سستے ماڈلز سے بھی ہو سکتا ہے۔
• تاہم اگر ایجنٹ کو کسی حساس فیصلے جیسے "ریفنڈ دینا ہے یا نہیں" جیسے کام کرنے ہیں، تو زیادہ بہتر ماڈل چننا چاہیے۔
شروع میں ایک طاقتور ماڈل سے پروٹو ٹائپ بنائیں، پھر آہستہ آہستہ چھوٹے ماڈلز آزما کر دیکھیں کہ کہاں تک درست کام ہوتا ہے۔
تیسرے مرحلے میں اب ایجنٹ کو وہ "ہتھیار" دیے جاتے ہیں جن کی مدد سے وہ دنیا سے رابطہ کر سکے۔ ان ٹولز کا مطلب ہے: ایسے فنکشنز یا APIs جو کسی مخصوص عمل کو سرانجام دیں۔
مثلاً:
• موسم کا حال معلوم کرنے کے لیے get_weather() API
• کسی صارف کی معلومات نکالنے کے لیے get_user_info() فنکشن
• ای میل بھیجنے کے لیے send_email() فنکشن
ایجنٹ ان ٹولز کو استعمال کرتے ہوئے مختلف سسٹمز سے بات کرتا ہے۔ ان ٹولز کو آپ function_tool کے طور پر رجسٹر کرتے ہیں تاکہ ماڈل جب چاہے انہیں کال کر سکے۔
تفصیلی ہدایات دینا چوتھا مرحلہ ہے جو کہ ایجنٹ کی تربیت کرنے کا ہے۔ آپ ماڈل کو واضح طور پر یہ بتاتے ہیں کہ:
• وہ کون ہے؟
• اس کا لہجہ کیسا ہونا چاہیے؟
• کن صورتوں میں کیا ردعمل دینا ہے؟
• اگر صارف کچھ غیر واضح کہے تو کیا کرنا ہے؟
• اور اگر ڈیٹا نہ ملے تو معذرت کیسے کرنی ہے؟
مثلاً:
آپ ایک موسم بتانے والے ایجنٹ ہیں۔ جب صارف کسی شہر کا نام لے تو آپ get_weather ٹول استعمال کریں۔
اگر شہر کا نام نہ دیا گیا ہو تو پہلے نرمی سے پوچھیں کہ وہ کون سا شہر جاننا چاہتے ہیں۔
جواب مختصر، دوستانہ اور واضح ہونا چاہیے۔
یہ "انسٹرکشنز" ماڈل کو رویہ، الفاظ، ترتیب اور حد بندی سکھاتی ہیں۔
پانچویں مرحلے میں ہم وہ ساری چیزیں جو اوپر بیان کی گئیں، ایک ساتھ جوڑ کر ایجنٹ بناتے ہیں۔ایجنٹ کو نام دیا جاتا ہے، انسٹرکشنز فراہم کی جاتی ہیں، اور ٹولز جوڑ دیے جاتے ہیں۔یہ کوڈ کے ذریعے یوں ہوتا ہے جیسے ہم ایک کار بنائیں اور اس میں انجن، اسٹیئرنگ، بریک اور ایندھن ڈال دیں۔
اب کار سڑک پر دوڑنے کے لیے تیار ہوتی ہے۔
اگلے یعنی چھٹے سٹیپ میں پروگرام یا ایجنٹ کو رن یا ایگزیکیوٹ کیا جاتا ہے جس میں ایجنٹ کو کسی صارف کے سوال کے سامنے لایا جاتا ہے۔ صارف پوچھتا ہے: "کل کراچی کا موسم کیسا ہوگا؟"
ایجنٹ سوال سمجھتا ہے،اور فیصلہ کرتا ہے کہ "موسم" والا ٹول استعمال کرنا ہے، ڈیٹا لیتا ہے، اور پھر نرم انداز میں جواب دیتا ہے:
"کل کراچی میں مطلع ابر آلود رہے گا، بارش کا امکان 40 فیصد ہے۔"
یہ سب کچھ اُس لوپ یا چکر میں ہوتا ہے جسے "رَن" کہتے ہیں۔ اور ایجنٹ جب تک مطمئن نہ ہو جائے، یہ چکر جاری رہتا ہے۔
ساتواں مرحلہ ہے آرکسٹریشن یعنی ایجنٹس کے باہمی تعاون کا یعنی اگر نظام پیچیدہ اور وسیع ہو ، اور ہر کام کی نوعیت مختلف ہو، تو ہم ہر کام کے لیے الگ ایجنٹ بناتے ہیں۔
ایک "منیجر ایجنٹ" فیصلہ کرتا ہے کہ کون سا کام کس ایجنٹ کو سونپنا ہے۔
مثلاً:
• ترجمہ والا ایجنٹ صرف زبانیں تبدیل کرتا ہے۔
• آرڈر مینجمنٹ والا ایجنٹ صرف ڈیلیوری ٹریک کرتا ہے۔
• اور ٹیکنیکل سپورٹ والا ایجنٹ صرف مسائل کا حل دیتا ہے۔
یہ ایجنٹس ایک دوسرے کو کام سونپتے ہیں، جیسے ایک دفتر کے مختلف شعبے ایک دوسرے سے جُڑے ہوتے ہیں۔
آٹھواں مرحلہ ہے گارڈریلز یعنی حفاظتی حدود کا جس میں ہم اسے ایک حد تک ہی خود مختار بناتے ہیں، مگر ہم اسے ہر بات کی اجازت نہیں دیتے۔
ہم اسے بتاتے ہیں کہ:
• اگر کوئی غیر اخلاقی بات ہو، تو جواب نہ دے
• اگر کوئی حساس ذاتی معلومات ہو، تو رک جائے۔
• اگر کوئی مشکوک حکم ہو، تو انسان سے رابطہ کرے
یہ سب "گارڈریلز" کہلاتے ہیں۔ انہیں مختلف طریقوں سے نافذ کیا جا سکتا ہے، جیسے ماڈریشن APIs، regex فلٹرز، یا کسٹم کلاسفائرز۔
ان کا مقصد صرف تحفظ نہیں بلکہ ایجنٹ کو اخلاقی، محفوظ اور قابلِ بھروسہ بنانا ہوتا ہے۔
نواں اور آخری مرحلہ ہے انسانی مداخلت کا نظام یعنی اگر ایجنٹ کسی بات کو بار بار غلط سمجھے، یا کوئی عمل بہت حساس ہو (مثلاً بڑی رقم کا ریفنڈ)، تو وہ کام انسانی نمائندے کو سونپ دے۔یہ نہ صرف صارف کا بھروسہ بحال کرتا ہے، بلکہ ایجنٹ کو سیکھنے میں بھی مدد دیتا ہے۔ اگلی بار وہ وہی غلطی نہ کرے گا۔یہ عمل ایجنٹ کو مشینی روبوٹ کے بجائے ایک سیکھنے والے ذہین اسسٹنٹ میں بدل دیتا ہے۔
گویا ایجنٹ بنانا صرف کوڈ لکھنے کا عمل نہیں، یہ ایک مکمل تخلیق ہے۔آپ ایک وژن بناتے ہیں، اُسے دماغ دیتے ہیں (ماڈل)، ہاتھ دیتے ہیں (ٹولز)، عقل دیتے ہیں (ہدایات)، ضابطہ دیتے ہیں (گارڈریلز)، اور ایک نگراں رکھتے ہیں (انسانی مداخلت)۔اگر آپ ڈیویلپر ہیں، تو یہ سب کچھ آپ Python اور OpenAI کے Agents SDK کے ذریعے کر سکتے ہیں۔ اور اگر آپ ڈیویلپر نہیں بھی ہیں، تب بھی یہ سمجھنا ضروری ہے تاکہ آپ اپنے کاروبار، سروس یا پروڈکٹ کے لیے ذہین ایجنٹس کا خاکہ بنا سکیں۔
"یہ تحریر اے آئی کی دنیا کے فیس بک پیج پر پوسٹ کی گئی ہے۔"