جمعہ، 17 جولائی 2026
اے آئی کی دنیا

مصنوعی ذہانت کی خبریں، ٹولز اور معلومات

خبریں

اے آئی انقلاب کی اصل منزل ابھی باقی ہے

10 دسمبر 2025

اے آئی انقلاب کی اصل منزل ابھی باقی ہے

پچھلے کچھ عرصے سے اے آئی کو لے کر سنسنی بھی بہت ہے اور شکوک بھی۔ کوئی اسے مستقبل کی سب سے بڑی تبدیلی کہہ رہا ہے اور کوئی بار بار بُلبُلہ ہونے کا خدشہ ظاہر کرتا ہے۔ لیکن سچ یہ ہے کہ اس انقلاب کی رفتار بھرپور ہونے کے باوجود ابھی ادھوری ہے۔ وجہ صرف یہ ہے کہ ابھی تک اس میدان کا حتمی فاتح سامنے نہیں آیا۔

ہر ٹیکنالوجیکل انقلاب کی طرح اے آئی کا سفر بھی اسی موڑ پر رکا ہوا ہے جہاں جدت تو موجود ہے مگر تسلط نہیں۔ چپ بنانے والی کمپنیاں اربوں میں کھیل رہی ہیں مگر وہ ادارے جو اصل میں صارفین کے ہاتھوں طاقت حاصل کرتے ہیں یعنی سافٹ ویئر اور نیٹ ورک پلیئرز، وہ ابھی اپنی جگہ تلاش کر رہے ہیں۔ جب تک منافع اور اثر و رسوخ کا مرکز سافٹ ویئر والوں کی طرف منتقل نہیں ہوگا تب تک انقلاب مکمل نہیں ہوگا۔

پچھلی صدی کی بڑی ٹیک کمپنیاں چار ستونوں پر کھڑی ہوئیں۔

وسیع اور مضبوط نیٹ ورک
صارفین کا وسیع ڈیٹا
کم لاگت کے ساتھ تیز پھیلاؤ
اور سافٹ ویئر کی طاقت (جسے ہر سال بہتر بنایا جاتا رہا)

مگر اے آئی کی موجودہ دنیا ان ستونوں سے ابھی دور ہے۔

آج کا صارف کسی ایک اے آئی ایپ یا ماڈل کا پابند نہیں۔ اسے جب بھی موقع ملتا ہے وہ ایک ماڈہل سے دوسرے ماڈل پر چلا جاتا ہے۔ اس میں وہ والی کشش نہیں جو پرانے پلیٹ فارمز کو مستحکم بناتی تھی۔ دوسری طرف ڈیٹا کی ملکیت کا مسئلہ ہے۔ ایک ماڈل جو پیدا کرتا ہے دوسرا آسانی سے سیکھ لیتا ہے، یوں ڈیٹا کی انفرادیت کمزور پڑ جاتی ہے۔ تیسری بڑی رکاوٹ انفراسٹرکچر کی ہے۔ اے آئی کمپنیوں کو اب وسیع ڈیٹا سینٹرز، طاقتور سرورز اور بھاری بجلی درکار ہے، جو اس صنعت کو صنعتی دور کی بھاری سرمایہ کاری جیسا بنا رہی ہے۔ اور چوتھا چیلنج یہ ہے کہ جتنے زیادہ صارف بڑھتے ہیں اتنی ہی لاگت بڑھتی ہے، جبکہ پچھلے دور کی طرح “صفر اضافی لاگت” والا فائدہ یہاں موجود نہیں۔ گویا یہ ماڈل ہمارے واپڈا سے مستعار لیا گیا ہے کہ کسٹمر جتنی زیادہ بجلی خریدے گا وہ اتنی مہنگی ہوتی جائے گی۔

اب اصل سوال یہ نہیں کہ اے آئی انقلاب آئے گا یا نہیں۔ سوال یہ ہے کہ کون سی کمپنی ان رکاوٹوں کو سب سے پہلے توڑے گی۔ وہ ادارہ جیتے گا جو صارف کو اپنی سروس کے ساتھ اس طرح باندھ لے کہ وہ چھوڑنا ممکن نہ ہو۔ وہ جیتے گا جو صاف اور منفرد ڈیٹا سب سے پہلے حاصل کرے۔ وہ آگے نکلے گا جو کم بجلی، کم خرچ اور زیادہ کارکردگی والے ماڈل متعارف کرائے۔ اور وہ باآسانی لیڈر بنے گا جو AI کو پھر سے سافٹ ویئر کی طرح کم لاگت اور وسیع پھیلاؤ والی طاقت میں تبدیل کردے۔

یہ سفر ابھی جاری ہے۔ راستہ سیدھا نہیں مگر سمت واضح ہے۔ جیسے کبھی ریلوے نے دنیا بدل دی تھی یا جیسے انٹرنیٹ نے صدی کا نقشہ بدل دیا تھا، ویسے ہی اے آئی بھی بدلے گا۔ مگر تاریخ کا وہ موڑ ابھی آیا نہیں۔ وہ دن تب آئے گا جب کوئی پہلی کمپنی اس پورے نظام کو مستحکم بنیادوں پر قائم کر دے گی۔

اس انقلاب کی دھڑکن تیز ہو چکی ہے، مگر اس کا اصل قدم ابھی اٹھنا باقی ہے۔
یہ تحریر اے آئی کی دنیا کے فیس بک پیج پر پوسٹ کی گئی ہے اور اس کا مرکزی خیال (The Second AI Revolution: There Will Be a Winner (Park Jong-hoon's Knowledge Room)) سے لیا گیا ہے۔

اس تحریر پر فیس بک پر تبصرہ کریں

مزید پڑھیں