جواب:
آج کل بہت سے لوگ "چیٹ جی پی ٹی" اور "اوپن اے آئی" کے ماڈلز کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں۔ کہ کونسا ماڈل کس کام کے لیے بہترین ہے۔ اس پوسٹ میں آپ کو موجودہ ماڈلز کا آسان تعارف ملے گا تاکہ آپ خود آسانی سےیہ فیصلہ کر سکیں۔
سب سے پہلے GPT-4o کی بات کرتے ہیں۔ یہ ابھی تک کا سب سے نیا اور طاقتور ماڈل ہے۔ یہ صرف تحریر ہی نہیں، بلکہ تصویروں، آڈیو، ویڈیو اور ڈاکومنٹس کو بھی سمجھ سکتا ہے۔ اگر آپ کے پاس میٹنگ کے نوٹس ہیں اور ان سے اہم نکات بنوانے ہیں، ای میل کا جواب لکھوانا ہے، رپورٹ کی پروف ریڈنگ کروانی ہے، یا ہاتھ کے بنے سکیچز اور سکرین شاٹ اپلوڈ کر کے ان پر کام کروانا ہے تو یہ ماڈل فوراً مدد کرتا ہے۔ عام روزمرہ کے کام جیسے پلاننگ، مشورے لینا اور برین سٹارمنگ کے لیے بھی یہ بہت مفید ہے۔
اگلا ماڈل GPT-4.5 ہے جو خاص طور پر تخلیقی کاموں اور جذباتی سمجھ کے لیے مشہور ہے۔ یہ ایسے لکھتا ہے جیسے کوئی انسان بات کر رہا ہو۔ اگر آپ LinkedIn پوسٹ لکھوانا چاہتے ہیں، کسی نئی چیز کی دلچسپ وضاحت تیار کروانی ہو، یا ناراض کسٹمر کو تسلی سے جواب دینا ہو تو یہ ماڈل بہترین ہے۔
تیسرا ماڈل OpenAI o4-mini ہے جو تیز رفتار ٹیکنیکل کاموں کے لیے ہے۔ اگر آپ کو کسی CSV فائل سے ڈیٹا نکالنا ہو، سائنسی مضمون کا خلاصہ چاہیے یا پروگرامنگ کے مسائل جلد حل کرنے ہوں تو یہ ماڈل آپ کے لیے بہترین ہے۔ خاص طور پر سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (STEM) کے شعبے کے لوگ اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
چوتھا ماڈل o4-mini-high ہے۔ یہ تھوڑا زیادہ سوچ کر جواب دیتا ہے اور تفصیلی کاموں میں مدد کرتا ہے۔ اگر کوئی مشکل ریاضی کا مسئلہ حل کروانا ہو، ڈیٹا بیس سے SQL کوئری لکھوانی ہو یا پیچیدہ سائنسی بات آسان زبان میں سمجھنی ہو تو یہ ماڈل بہتر انتخاب ہے۔ یونیورسٹی کے طلباء، ریسرچرز اور ڈیٹا اینالسٹس کے لیے یہ خاص طور پر مفید ہے۔
پانچواں ماڈل OpenAI o3 ہے جو بڑے اور تفصیلی کاموں کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ مارکیٹ کا تجزیہ، بزنس کی حکمت عملی بنانا، ڈیٹا سے مستقبل کی پیشگوئی یا گراف بنانے جیسے کاموں کے لیے یہ ماڈل بہترین ہے۔ بزنس، مینجمنٹ اور تفصیلی پروجیکٹ ورک کرنے والے افراد اس ماڈل کو ترجیح دیتے ہیں۔
آخر میں o1 pro mode کی بات کرتے ہیں۔ یہ ماڈل سب سے گہرائی میں سوچتا ہے اور انتہائی درست معلومات فراہم کرتا ہے، لیکن تھوڑا سست ہوتا ہے۔ اگر آپ کو یورپی ڈیٹا پرائیویسی کے قوانین پر رپورٹ تیار کروانی ہو، نئی ٹیکنالوجی پر تحقیق چاہیے ہو یا مالیاتی الگورتھم بنوانا ہو تو یہ ماڈل آپ کے لیے مثالی ہے۔ قانون، ریسرچ اور فائنانس کے شعبے کے لوگ اس سے بہت فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
مختصرا" کہیں تو، GPT-4o: ہر قسم کے کام، روزمرہ کے مسائل، ملٹی میڈیا سپورٹ، جبکہ GPT-4.5: تخلیقی اور جذباتی اظہار دوستانہ انداز میں، o4-mini: فوری ٹیکنیکل سوالات، o4-mini-high: گہرے اور تفصیلی سائنسی یا کوڈنگ مسائل، o3: اسٹریٹیجی، تجزیہ اور پیچیدہ پروجیکٹ ورک، o1 pro mode: تفصیلی ریسرچ، قانونی اور مالیاتی کام کے لیے۔
الغرض ، جتنی واضح آپ کی ضرورت ہوگی، اتنا ہی درست ماڈل منتخب کرسکیں گے۔ اس طرح آپ کا وقت اور محنت دونوں بچیں گے۔
یہ تحریر "اے آئی کی دنیا" کے فیس بک پیج پر پوسٹ کی گئی ہے۔